سدی پیٹ میں ریٹائرڈ ایمپلائز یونین کا اجلاس
سدی پیٹ۔/23فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آندھرا پردیش ریٹائرڈ ایمپلائز یونین شاخ سدی پیٹ کے ارکان عاملہ کا اجلاس کل 22فبروری دفتر یونین میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر اے لکشما ریڈی نے کی جبکہ جلسہ کی کارروائی نائب صدر رامیا پنتلو نے چلائی۔ جنرل سکریٹری رامچندرا ریڈی نے یونین کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ قبل ازیں شہیدان تلنگانہ کی یاد میں 2منٹ کی خاموشی مناتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا یا۔ صدر لکشماریڈی نے نئی ریاست تلنگانہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں تلنگانہ حاصل ہواہے جو نوجوانوں اور طلباء کی جانوں کی قربانیوں کا پھل ہے۔ صدرکانگریس نے وعدہ کو عملی جامہ پہنایا اور بلاخوف و خطر علحدہ ریاست تلنگانہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے شریمتی سونیا گاندھی اور ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ محمد حبیب الدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں عوام کا مستقبل تابناک و روشن رہے گا اور وظیفہ یاب ملازم سرکار کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے شریمتی سونیا گاندھی اور سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ نائب صدر شریمتی نرسماں، جنرل سکریٹری رامچندرا ریڈی، محمد عبدالوحید نے بھی خطاب کیا۔ ملیشم نے شکریہ ادا کیا۔