بنگلورو۔ 2اگست (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر توانائی ڈی کے شیو کمار کے دفتر اور قیام گاہ پر انکم ٹیکس کے چھاپوں کے بعد کانگریس کے لیڈروں نے سدارامیا کابینہ کے دیگر وزراء کے مکانات پر بھی اسی طرح کے چھاپوں کے خدشات ظاہر کئے ۔ وزیر آبی وسائل ایم بی پاٹل نے کھلے عام اس مسئلہ پر کہا کہ وہ اگلا نشانہ ہیں۔ بی جے پی اپنے حریفوں سے نمٹنے کے لئے سیاسی مقاصد کے لئے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کا غلط استعمال کررہی ہے ۔ مجھے خدشہ ہے کہ میرے مکانات پر بھی جلد ہی یہ چھاپے ہوں گے کیوں کہ بی جے پی کے ریاستی لیڈر سیاسی طور پر مجھے نشانہ بنارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لنگایت طبقہ کے وہ سرکردہ لیڈر ہیں اسی لئے ان کے مکانات پر چھاپے کئے جاسکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ چیلنج کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے اپنے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبانے کے لیے یہ حربہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنی سازشوں کے لیے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے دھائووں میں عام طور پر پولیس کی مدد حاصل کی جاتی ہے لیکن سیاسی مقاصد کو پورا کرنے کی خاطر قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سی آر پی ایف کی مدد حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔