میلبورن25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ کو میکرن بین کرافٹ کے شاٹ پر ہاتھ میں بھلے ہی چوٹ لگ گئی ہو لیکن وہ بھی انہیں انگلینڈ کے خلاف ایشیز کے باکسنگ ڈے ٹسٹ سے باہر نہیں رکھ سکے گی۔کپتان اسمتھ نے آج کہا کہ وہ چوتھے ایشیز ٹسٹ میں کھیلنے ضرور اتریں گے ۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر اتوار کو چوتھے ٹسٹ کی پریکٹس سے قبل اسمتھ کو بین کرافٹ کے ایک شاٹ گیند سے ہاتھ پر چوٹ لگ گئی تھی۔ اسمتھ اس وقت نیٹ کے پیچھے کھڑے ہوئے تھے ۔28سالہ اسمتھ نے کہا کہ انہیں اتوار کو اور پیر کو بھی بیٹنگ کرتے وقت ہاتھ میں درد تھا لیکن اس سے ان کے ٹیم کی کپتانی کرنے پر اثر نہیں پڑے گا۔ آسٹریلیا ئی ٹیم پہلے ہی سیریز میں 3۔0 سے غیر مفتوح برتری بناچکی ہے اور اب وہ باقی دو میچ جیت کر انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہاتھ میں تھوڑی سوجن ہے لیکن میں نے کچھ الگ طرح کے شاٹ کھیلے ہیں مجھے پتہ نہیں ہے کہ میں اس سے ابھر پاؤں گا اور میں کھیل سکوں گا۔ میچ میں اپنے ہاتھ کے اوپری حصے کو مجھے زیادہ استعمال کرنا ہوگا۔آسٹریلیائی کپتان نے ساتھ ہی کہا کہ بین کرافٹ نے ان سے اس واقعہ کے لئے معافی مانگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین کرافٹ نے مجھ سے اس کے لئے معافی مانگی۔ لیکن اس طرح کے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ اسمتھ کے ہاتھ کی چوٹ کی وجہ سے ان کے کھیلنے کے بارے میں شبہ پیدا ہوگیا تھا ۔ انگلش نوجوان فاسٹ بولرکریگ اورٹن اور آسٹریلیائی اسپیڈ اسٹار مچل اسٹارک فٹنس مسائل کی وجہ سے باکسنگ ڈے ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ انگلش فاسٹ بولرکریگ اورٹن ایڈیلیڈ ٹسٹ میں بیٹنگ کی دوران پسلی پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے اور اسکین رپورٹ کے مطابق ان کی پسلی میں فریکچر ہے اور انہیں مکمل طور پر فٹ ہونے کیلئے وقت درکار ہوگا۔انگلش ٹیم انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ فاسٹ بولر آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے چوتھے ٹسٹ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے تاہم یہ بات واضح نہیں کی گئی کہ ان کی جگہ کس بولر کو انگلش ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔دوسری جانب آسٹریلیا کو بھی چوتھے ٹسٹ میچ سے قبل دھکا لگا ہے اور اہم فاسٹ بولر مچل اسٹارک زخمی ہونے کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹسٹ باہر ہوگئے ہیں۔مچل اسٹارک گزشتہ چند روز سے ایڑی کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور ٹیم انتظامیہ کے مطابق فاسٹ بولر صدفیصد فٹ نہیں ہیں اس لیے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ٹسٹ میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹسٹ میچ کل میلبورن میں شروع ہوگا اورمیلبورن کرکٹ گرائونڈ کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین باکسنگ ڈے ٹسٹ کے موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ واضح ر ہے کہ مذکورہ میچ کل میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہورہا ہے۔ فلنڈرز اسٹریٹ واقعہ کے بعد چوتھے ٹسٹ کے ابتدائی دن ا سٹیڈیم میں ریکارڈ91 ہزار شائقین کی آمد متوقع ہے۔