متنازعہ اراضی معاملت میں مداخلت کا شاخسانہ
منچریال۔یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منچریال سے قریب لنسپور میں ایک متنازعہ اراضی معاملت میں ایس آئی لنسپور مسٹر دتاتری کو مدد کرنے اور ایک رئیل اسٹیٹ بیوپاری سے موبائیل فون کا مطالبہ کرنے پر معطل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لنسپور منڈل میں تولا واگو کے قریب ایک پلاٹ پر رئیل اسٹیٹ بیوپاری اور ایک شخص کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔منچریال پولیس آفیسر کی ہدایت پر ایس آئی لنسپور مسٹر دتاتری نے متنازعہ پلاٹ کے دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کردیا۔ بعد ازاں مسٹر دتاتری نے فون پر رئیل اسٹیٹ بیوپاری سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اراضی معاملت کو حل کردیا گیا ہے۔ اس کے عوض مجھے ایک فون دیا جائے۔ اس بات چیت کو ریکارڈ کیا گیا اور یہ بات پولیس کمشنر رام گنڈم مسٹر وکرم جیت دگل کے علم میں لائی گئی۔ کمشنر کے احکامات کے مطابق لای سی پی منچریال مسٹر جان ویسلی نے تحقیقات کرتے ہوئے کمشنر کو رپورٹ پیش کی، جس پر کمشنر نے ایس آئی لنسپور مسٹر دتاتری کو فوراً معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ اس واقعہ کے بعد منچریال میں تمام پولیس عہدیداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور کئی بدعنوان پولیس عہدیدار بہت محتاط ہوگئے ہیں۔