کریم نگر۔/19نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کریم نگر کے سبھی حقیقی مستحقین کو یقینی طور پر وظیفہ کی منظوری دی جائے گی۔ کلکٹر ویرا برہمیا نے تیقن دیا۔ منگل کی شام منڈل عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں منڈل سطح کے وظیفہ کی منظوری کے تعلق سے درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ اس موقع پر کلکٹر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سبھی مستحقین کو وظیفہ کی منظوری کا یقینی بنایا جائے گا۔ ایم ڈی اوز کو مشورہ دیا کہ وظیفہ کے تعلق سے دریافت کرنے کیلئے آنے والوں کے ساتھ مشفقانہ سلوک رکھا جائے اور انہیں مطمئن کرکے بھیجا جائے۔ 19تا 23 نومبر سدرم کیمپ منعقد کئے جائیں اور وہاں منڈل کے تمام مواضعات کے معذوروں کو سرٹیفکیٹس دیئے جائیں۔ انہوں نے ایم پی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ سابق میں جانچ کردہ درخواستوں کی دوبارہ تنقیح کی جائے۔ سابق عہدیداروں کے بجائے دیگر عہدیداروں کے ذریعہ جانچ کی جانی چاہیئے تاکہ حقیقی مستحقین کو استفادہ حاصل ہو۔ اس پروگرام میں جوائنٹ کلکٹر سرفراز احمد، کمشنر سری کیش لٹکر ، ڈی آر ڈی اے پی ڈی وجئے گوپال وغیرہ نے شرکت کی۔
محبوب نگر میں آج اجتماعی
ذکر جہری کا اہتمام
محبوب نگر۔/19نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد امیر اللہ خان قاسمی ناظم جامعہ سراج العلوم محبوب نگر کے پریس نوٹ کے مطابق جامعہ اسلامیہ سراج البنات محبوب نگر میں 20نومبر جمعرات بعد نماز مغرب مولانا شاہ اظہار احلق قریشی جانشین قطب دکن مولانا شاہ عبدالغفور کی سرپرستی میں مجلس ذکر جہری کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ جس میں سلسلہ چشتیہ صابریہ کے مطابق اجتماعی ذکر جہری ہوگا۔ مجلس ذکر سے قبل مولانا کا ذکر سلوک کے تعلق سے خطاب ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر علمائے و حفاظ، ائمہ اور وابستگان سلسلہ چشتیہ قادریہ سے درخواست کی کہ وہ اس موقع سے استفادہ کریں۔