نومنتخب صدر سیسی کے معاونین کا اعلان ایک روز میں متوقع
قاہرہ، 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے نو منتخب صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے عبوری وزیر اعظم ابراہیم محلب ہی کو دوبارہ حکومت سازی کی دعوت دی ہے۔ دارلحکومت قاہرہ کی کابینہ ڈیویژن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت سیسی نے سبکدوش وزیر اعظم محلب کو دوبارہ کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔ حسب دستور انہوں نے دوشنبہ کی صبح عبوری وزارت عظمیٰ کے عہدہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ عبوری کابینہ کی سبکدوشی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم محلب نے کہا کہ ملک و قوم کے مفاد کیلئے ہم سے جو ہو سکا، ہم نے کیا ہے۔ مصری کابینہ کے استعفے سے قبل آج مختصر اجلاس بھی ہوا، جس میں استعفے کی تیاری پر غور کیا گیا۔ دریں اثناء مصری میڈیا میں یہ خبریں شائع ہوئی ہیں کہ صدر السیسی آج یا کل سکیورٹی اور معاشی شعبوں میں اپنے معاونین کا تقرر کریں گے۔