چینائی۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کونسل کے صدرنشین سی رنگاراجن نے آج کہا کہ سبسیڈی میں کمی کرنے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے حکومت کو اس کی مجموعی مقدار یا تعداد کا تعین کرنا ہوگا ۔ خصوصی طور پر ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جنہیں اولین ترجیح دی جارہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مالیاتی سال کے خسارہ کی روک تھام کے موقف میں ہوگا جس کیلئے پیداوار کا زیادہ ہونا ضروری ہے تاکہ حکومت کے محصول میں اضافہ ہو۔
گیسٹ ہاؤس میں چھ افراد
مردہ پائے گئے
سوری (مغربی بنگال) ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے مقدس مستقر تصور کئے جانے والے تارہ پیٹھ میں واقع ایک گیسٹ ہاؤس کے کمرہ میں 6 افراد مردہ پائے گئے جو میاں بیوی کے جوڑے اور ان کے چار بچوں پر مشتمل ہے۔ دریں اثناء بیربھوم کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سی سدھاکر نے کہا کہ نعشوں کے قریب خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا جبکہ زہر کھاکر خودکشی کرنے والوں کی نعشوں کے قریب شیشی میں باقی بچا ہوا زہر بھی پولیس کو ملا۔ صبح کے اوقات میں جب جاروب کش جھاڑو دینے کیلئے وہاں پہنچا تو اس نے دروازہ بند دیکھا لیکن کچھ دیر بعد اسے محسوس ہوا کہ دروازہ اندر سے مقفل نہیں ہے۔ جیسے ہی اس نے دروازہ کو مزید کھولا تو اسے بستر پر نعشیں نظر آئیں۔ خودکشی نوٹ کے مطابق خودکشی کرنے والے جوڑے کا تعلق پٹنہ سے تھا جبکہ چار بچوں میں سے تین لڑکیاں اور ایک لڑکا تھا جن کی عمریں 3 تا 12 سال تھیں۔ منتظمین نے بتایا کہ یہ خاندان 24 ڈسمبر کی رات کو گیسٹ ہاؤس میں آیا تھا۔