ملازمت سے نکال دینے پر مالک سے انتقام، ڈی سی پی ویسٹ زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز )لنگر حوض پولیس نے سالار جنگ کالونی سرقہ کی واردات کو اندرون 24 گھنٹے حل کرتے ہوئے مسروقہ سامان کو ضبط کرلیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی یس پی ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور نے پریس کانفرنس کے دوران گرفتار سارقین کو میڈیا کے روبرو پیش کیا اور بتایا کہ 27 سالہ انمول مکھیہ اور 19 سالہ کشن مکھیہ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ یہ دونوں سجیت اگروال کے مکان میں کام کرتے تھے جن کا تعلق ریاست بہار سے بتایاگیا ہے جو بنجارہ ہلز کے امبیڈکر نگر میں رہتے تھے ۔ ان دونوں کو ایک ماہ قبل ملازمت سے نکالدیاگیا تھا ۔ ایک باورچی اور گھریلو ملازم کا کام کرتا تھا ۔ڈی سی پی اندرون 24 گھنٹے مقدمہ کو حل کرنے پر انسپکٹر لنگر حوض عبدالجاوید کی ستائش کی اور کہا کہ انسپکٹر و ایڈیشنل انسپکٹر کی بہترین کارکردگی کے سبب اندر 24 گھنٹے معاملہ کو حل کرلیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں 31 ڈسمبر کی رات آٹو میں سالار جنگ کالونی سجیت اگروال کے مکان پہونچے انہیں اس بات کا علم تھا کہ اگروال اپنے افراد خاندان کے ساتھ سال نو جشن منانے گیا ہے ۔ اگروال بنجارہ ہلز اپنے ساتھی کے مکان افراد خاندان کے ساتھ گیا تھا اور رات دیر گئے واپس ہوا ۔ تاہم صبح 7 بجے اسے سرقہ کا علم ہوا ۔ ان دونوں سارقین نے اس کمرے کی کھڑکی کو توڑا جہاں سجیت کے والدین رہتے تھے اور چھوٹی جالی کو کاٹ کر اندر داخل ہوئے اور الماری سے ہیرے ، سونے اور چاندی کے زیورات و نقد رقم کا سرقہ کرلیا ۔ جب پولیس نے ان سے پوچھ تاچھ کی تو ان کے ہاتھوں پر زخم تھے اور شبہ کی بنیادپر تفتیش کی تو انہوں نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ انہوں نے مسروقہ سامان اپنے والد کے مکان مادھاپور میں رکھا تھا ۔ پولیس نے سامان کو ضبط کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرلیا۔