قونصل جنرل ایران و روزنامہ سیاست کا اشتراک ، جناب زاہد علی خاں و دیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : تذہیب کاری سے مزین ایرانی استادان فن کے نادر و نایاب خطاطی کے نمونوں کی نمائش کا میلاد النبیؐ کے مبارک و مسعود موقعہ پر آج تین بجے دن سالار جنگ میوزیم میں افتتاح عمل میں آئے گا ۔ اور نمائش میں عوام کا داخلہ مفت رہے گا ۔ ایران کے ممتاز خطاط آقائی احمد خوش حساب ، آقائی یزداں مہر اور آقائی مجید شریفیان اپنے فن کا عملی مظاہرہ کریں گے ۔ قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد ، روزنامہ سیاست اور سالار جنگ میوزیم کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس نمائش کا افتتاح جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی ریاست تلنگانہ کریں گے ۔ ایرانی پارلیمنٹ کے رکن مولوی نذیر احمد سلامی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ جناب زاہد علی خاں مدیر اعلیٰ سیاست صدارت کریں گے ۔ آقائی احمد خوش حساب جو ایران کے ممتاز خطاط ہیں ۔ انجمن خوشنویسان کا شان کے صدر اور یونیورسٹی کلچر میں استاد خوشنویسی کے عہدے پر فائز ہیں ۔ اس نمائش کے ضمن میں حیدرآباد پہنچ چکے ہیں ان کے ہمراہ ایران کے دو اور خطاط آقائی مجید شریفیان اور آقائی سعید یزداں مہر شہر پہنچ چکے ہیں جو نمائش کے دوران اپنے فن کا عملی مظاہرہ کریں گے ۔ آقائی احمد خوش حساب اس فن میں اپنے نقطہ عروج پر ہیں اور چالیس سال کے طویل عرصہ سے خطاطی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ ان کی نمائش مختلف ممالک سیریا ، اٹلی اور عراق میں منعقد ہوچکی ہے ۔ جب کہ ایران میں ان کی وصلیاں موتیوں کے عوض خریدی جاتی ہیں ۔ آقائی سعید یزداں مہر بادرود طہران جو ایک پوسٹ گریجویٹ ہیں ایران میں خطاطی کے درجہ ممتاز پر فائز ہیں ۔ انہوں نے 1990 سے اپنی کارکردگی کا آغاز کیا ان کی نمائش فرانس میں منعقد ہوئی جس کو بہت پسند کیا گیا ۔ آقائی مجید شریفیان جو طہران یونیورسٹی میں فائن آرٹس کے استاد ہیں اور بادرود میں خواتین کو خطاطی کی تربیت دے رہے ہیں ۔ انجمن خوشنویساں بادرود کے نائب صدر ہیں انہیں نقاشی اور خطاطی دونوں میں کمال حاصل ہے ۔ ان کی نمائش پہلی مرتبہ ایران کے باہر منعقد ہورہی ہے ۔ علاوہ ازیں حیدرآباد کے مشہور خطاطان جناب محمد نعیم صابری ، محمد عبداللطیف ، جناب ناصر الدین وقار ، جناب موسی یداللہی ، حافظہ مبینہ بیگم ، جناب نصیر سلطان ، جناب فہیم کی خطاطی کے نمونے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں ۔ یہ نمائش 3 تا 9 جنوری جاری رہے گی اور نمائش میں داخلہ مفت رہے گا ۔۔