حیدرآباد /5 نومبر ( سیاست نیوز ) شہر میں ایک اور سافٹ ویر ادارے نے بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دے دیا ۔ ڈاٹ نسٹ پراجکٹ کے نام پر سالے اور بہنوائی نے 2 کروڑ کا جھانسہ دیکر اپنے ادارے کو بند کردیا ۔ اس سالے اور بہنوائی پر اعلی تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو تقریباً 2 کروڑ روپئے کا جھانسہ دینے کا الزام ہے ۔ دو تا تین مسلسل آفیسیس کو بند دیکھ کر امیدواروں نے پنجہ گٹہ پولیس سے شکایت کردی جہاں پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بھانو پرکاش نامی ایک شخص نے جو ایک سافٹ ویر کمپنی قائم کی اور تربیت کے ساتھ روزگار کی پیشکش کی ۔ بھانو پرکاش جو کہ اچے پلی ضلع گنٹور کا متوطن ہے ۔ یہاں شہر میں فتح نگر میں رہتا ہے ۔ اس نے اپنے برادر نسبتی ششی کانت ریڈی کے ساتھ ملکر آیتی ٹکنالوجی سافٹ ویر کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا بھانو پرکاش کا برادر نسبتی ششی کانت ریڈی بوئن پلی میں رہتا تھا ۔ دونوںنے ملکر کاروبار شروع کیا اور اعلی تعلیم یافتہ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو راغب کرنے کیلئے ا نہوں نے بہترین تنخواہوں کی پیشکش کی جس پر تقریباً 250 تا 300 امیدواروں نے تربیت کے ساتھ روزگار کی ان کی پیشکش پر متوجہ سینکڑوں بے روزگار اس جانب دوڑے اور داخلہ بھی لے لیا ۔
چند افراد کو اس ادارے کی جانب سے تربیت کے ساتھ ساتھ ماہانہ 4 ہزار روپئے بھی ادا کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق اس ادارے کے ذمہ داروں نے اے پی اسٹیٹ ٹیچرس یونین کی جانب سے ڈاٹ نسٹ کے بڑے پراجکٹ کے امیدواروں کا حوالہ دیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بھانو پرکاش جس نے اپنا ادارہ پہلے بوئن پلی میں قائم کیا تھا بعد میں مادھاپور اور پھر سوماجی گوڑہ میں منتقل کردیا ۔ ذرائع کے مطابق اس بھانو پرکاش نامی شخص نے گذشتہ دنوں اپنے آفس کو سوماجی گوڑہ سے بھی منتقل کردیا ۔ اس خصوص میں پنجہ گٹہ انسپکٹر مسٹر موہن کمار نے بتایا کہ امیدواروں کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال پولیس کو 132 امیدواروں کی تفصیلات حاصل ہوئی ہے اور مزید شکایت گذار ہوسکتے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ بھانو پرکاش کی گرفتاری کیلئے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔