ساس کو ہراساں کرنے پر داماد گرفتار

حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) ہم عمر بڑے داماد کی ہراسانی اور چھوٹی بیٹی کی زندگی سے کھلواڑ پر ایک خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا تاہم پولیس رام گوپال پیٹ نے خودسوزی کرنے والی خاتون کو ہاسپٹل اور ہراساں کرنے والے داماد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ انسپکٹر رام گوپال پیٹ مسٹر وحیدالدین کے مطابق 40 سالہ خاتون آشا نے خودکشی کا اقدام کرلیا ۔ پولیس نے شکایت وصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے اس خاتون کے بڑے داماد سدھیر سنگھ ٹھاکر کو گرفتار کرلیا ہے ۔ آشا نلہ گٹہ علاقہ میں رہتی تھی اور یہ خاتون کپڑوں کی دوکان میں کام کرتی تھی ۔ اس کی دو لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے ۔ کپڑے کی دوکان میں سدھیر سنگھ ٹھاکر کا آناجانا تھا ۔ اس دوران ٹھاکر اور آشا کی دوستی ہوگئی ۔ سدھیر نے آشا سے دوستی کے بعد اس کے مکان آنا جانا شروع کردیا ۔ اس دوران اس نے آشا کی بڑی بیٹی میناکشی سے دوستی کرلی اور اس لڑکی جس کی عمر تقریباً 20 سال اور سدھیر کی عمر 40 سال ہے شادی کرلی ۔ شادی کے بعد ان کے درمیان تعلقات خوشگوار تھے ۔ چند روز قبل ٹھاکر نے اپنی بیوی کی چھوٹی بہن نکیتا پر بری نظر ڈالی اور اس لڑکی کو اپنی ہوس کا شکار بنایا ۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد ان کے مکان میں جھگڑے شروع ہوگئے ۔ جس سے تنگ آکر آشا نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ انسپکٹر وحیدالدین کے مطابق قانون کے تحت سدھیر سنگھ ٹھاکر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔