مکتھل ۔ 22 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اللہ کے بندوں اور ساری انسانیت کو دین اسلام کی رحمت پر مبنی تعلیمات سے واقف کرواتے ہوئے امت مسلمہ کے ہر فرد کو اپنے دین کی فکر و اعمال کی اصلاح اور اعمال کی قبولیت کیلئے دونوں جہاں کے مکی و مدنی آقاحضرت محمدؐ کے مبارک طریقوں پر زندگیوں کو ڈھالنا اور آپؐ کے مبارک اسوہؐ کی اطاعت و اتباع کرنا ، اسی میں ساری انسانیت کی کامیابی کا راز ہے ، جس سے ہم سب کو واقف ہونا ضروری ہے ۔ ساحلی آندھرا کے ضلع نیلور میں ریاستی سطح پر منعقدہ دعوت و تبلیغ کے سہ روزہ عظیم الشان اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے علماء اکرام نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مستقر نیلور شہر سے 18 کیلو میٹر دور چنائی ، کلکتہ ہائی وے پر 1300 سو ایکڑ اراضی کے رقبہ پر پھیلے وسیع و عریض میدان میں 15 ، 16 ، 17 فبروری کو منعقدہ اس بڑے و عظیم الشان دعوتی و تبلیغی اجتماع میں شریک لاکھوں فرزندان توحید کے کثیر اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے ان اکابر علماء کرام نے کہا کہ دین صرف عبادات کے اہتمام کا نام نہیں بلکہ معاملات ، اخلاقیات اور معاشرت و آداب میں حضورؐکی اطاعت و اتباع کا نام ہے بلکہ پوری دنیا اور روئے زمین پر آپؐ کے بابرکت و انتہائی درست صاف و شفاف معاملت ، اور بہترین و عمدہ حسن اخلاق ہی اسلام کی اشاعت اور پوری دنیائے عالم میں دین کے پھیلنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ۔ دعوت و تبلیغ کے اس تین روزہ ریاستی سطح کے اجتماع کو مولانا مفتی جمشید ( نظام الدین دہلی ) مولانا ابراہیم دولہ (نظام الدین دہلی ) جناب مشتاق بھائی ، ممبئی (مہاراشٹرا ) مولانا عثمان کا کوسی گجرات ، جناب فاروق ، بنگلور کرناٹک کے علاوہ دیگر علماء کرام نے مخاطب کیا جبکہ اس اجتماع میں پچاس سے زائد نکاح بھی منعقد ہوئے۔
مولانا مفتی عبدالوہاب نیلور نے خطبہ نکاح پڑھا ، آندھراپردیش کے ساحلی ضلع نیلور میں منعقد ہ اس عظیم الشان اجتماع کی پچھلے چند ماہ سے زبردست تیاریاں چل رہی تھیں 300 سے زائد ایکڑ اراضی کے وسیع و عریض میدان میں ساڑھے گیارہ ایکڑ اراضی پر بڑی خوبصورتی اور سلیقہ کے ساتھ پنڈال و شامیا نے نصب کئے گئے تھے جو چار لاکھ 80 ہزار اسکوائیر فٹ پر مشتمل تھے ۔ سمندر کے کنارے واقع اس شہر میں عوامی اژدھام ، پنڈال اور شامیانوں سے باہر بھی انسانی سروں کے سمندر کا منظر پیش کررہا تھا جبکہ شہر نیلور اور اجتماع گاہ کے راستہ میں سیاسی جماعتوں و سماجی تنظیموں کی جانب سے شرکاء اجتماع کیلئے بڑے بڑے بیانر لگائے گئے۔ اجتماع کے تنظیمی کارکن اور والینٹرس جگہ جگہ آنے والے مہمانوں کی رہبری و رہنمائی کیلئے موجود تھے ۔
اس اجتماع میں ریاست آندھراپردیش کے تمام اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کرناٹک ، مہاراشٹرا ، ٹاملناڈو کے کئی اضلاع کے لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے جبکہ ضلع کلکٹر نیلور سری دھر اور ایس پی نیلور ، راما کرشنا کی راست نگرانی میں محکمہ برقی ، محکمہ بلدیہ ، محکمہ پولیس اور محکمہ آبرسانی و دیگر محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں نے اجتماع کے منتظمین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اس کے علاوہ مختلف اضلاع سے ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے اسپیشل ٹرینیں چلائی گئیں جبکہ محکمہ RTC نے شرکا کی سہولت کیلئے اجتماع گاہ سے آر ٹی سی بسوں کی فراہمی کے علاوہ اجتماع گاہ ہی میں ریزرویشن کاونٹر کی سہولت فراہم کی تھی ، اس اجتماع کے دوران نیلور رورل ایم ایل اے ، آنم وویکانندا ریڈی ، نیلورایم ایل اے ، سریدھر کرشنا ریڈی ، کاویلی ایم ایل اے، بدامستان راؤ ، کوڈور ایم ایل اے، پرسنا کمار ریڈی نے بھی دورہ کرتے ہوئے تنظیمیں کی حوصلہ افزائی کی جبکہ ڈی ایس پی رام بابو آر ڈی او وغیرہ مستقل کیمپ لگائے ہوئے تھے۔ اجتماع کے اہم شرکاء میں حافظ پیر شبیر احمد صدر ریاستی جمعیتہ علماء ، جناب جنت حسین آئی اے ایس ، جناب عبدالرشید اسٹیٹ ویرہاوز آفیسر ، حاجی ہارون رشید ، کریم اللہ و دیگر موجود تھے اس اجتماع سے 300 جماعتیں مختلف مقامات کیلئے روانہ ہوئی۔