سارقین کی دو رکنی بین ریاستی ٹولی گرفتار، 21 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد، کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس

حیدرآباد 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے دو رکنی بین ریاستی عادی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اِن کے قبضہ سے 21 لاکھ مالیتی مسروقہ طلائی زیورات بھی برآمد کرلئے۔ اِس سلسلہ میں کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ 30 سالہ محمد سمیر خان ساکن ایرہ کنٹہ بارکس کا تعلق کرناٹک کے شہر بنگلور سے ہے اور وہ سال 2000 ء میں اپنے والدین کے ساتھ شہر حیدرآباد منتقل ہوا تھا۔ سمیر خان 2008 ء سے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونا شروع کردیا اور اُس نے سرقے کی کئی وارداتیں انجام دیں۔ سمیر خان کو اُس کے ایک ساتھی 29 سالہ محمد شعیب ساکن اولڈ ملک پیٹ نے بھی جرم میں مدد کی جس کے نتیجہ میں دونوں نے ریاست میں 15 سے زائد وارداتیں انجام دیں۔ انجنی کمار نے کہاکہ سمیر خان کو نومبر 2017 ء میں بنگلور پولیس نے گرفتار کیا تھا لیکن ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اُس نے سرقہ کی وارداتوں میں مسلسل ملوث ہوتا رہا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ مذکورہ ٹولی نے شہر حیدرآباد میں 2 ، بیدر میں 4 ، گلبرگہ میں 5 وارداتیں انجام دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سمیر خان سرقہ کی وارداتیں انجام دینے کے دوران موبائیل فون کا استعمال نہیں کیا کرتا تھا تاکہ وہ پولیس کی گرفت سے آزاد رہے۔ سارقین کی مذکورہ ٹولی سے پولیس نے 700 گرام مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے اور اُنھیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔