سائبرآباد پولیس کا اقدام ، سی وی آنند کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /.23 نومبر ( سیاست نیوز ) سارقوں و رہزنوں کی سرگرمیوں سے پریشان سائبرآباد پولیس نے اب سارقوں کے مجرمانہ ریکارڈ کو جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ریکارڈ کو ڈاٹا کی شکل دینے کے اقدام کا آج آغاز کردیا ہے ۔ آئے دن مجرمانہ سرگرمیوں اور وارداتوں میں اضافہ سے پریشان سائبرآباد پولیس اس اقدام کو ضروری تصور کرلیا ہے اور پولیس کا دعوی ہے کہ مجرموں کے ریکارڈ آور ڈاٹا سے انکی نقل و حرکت اور سرگرمیوں پر قریب سے نظر رکھی جاسکتی ہے ۔ پہلے سے عوامی اور سیاسی تشدد کا سامنا کر رہی ہے پولیس کی عدم اطمینان کارروائی اب بدلتی جارہی ہے ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے آج اس اقدام کا آغاز کیا ۔ اس اقدام کے تحت پولیس کے پاس موجودہ ریکارڈز کی بنیاد پر سارقوں ، رہزنوں ، عادی مجرمین کے مکانات پہونچے گی اور نہ صرف مجرم بلکہ اس کے افراد خاندان اور سسرالی رشتہ داروں کی تفصیلات بھی حاصل کرے گی ۔ ڈاٹا تیاری کیلئے پولیس نے باضابطہ دو صفحات پر مشتمل ایک پروفارما بھی تیار کرلیا ہے اور عہدیدار خود اس پروفارما کو پر کرے گا ۔ یہ پروگرام جو اسپیشل ڈرائیو کے تحت چلایا جارہا ہے ۔ ایک ہفتہ تک جاری رہے گا ۔ یہ بات سائبرآباد کمشنر مسٹر سی وی آنند نے بتائی ۔ انہوں نے سیاست نیوز سے بات کرتے ہوئے اسپیشل کی خصوصیت اور اس کی افادیت کے تعلق سے بتایا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ موجودہ دور میں سارقوں کی سرگرمیوں کے خلاف پولیس کارروائی کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہے ۔ چونکہ پولیس کو یہاں کچھ واضح ثبوت اور ریکارڈ موجود رہتی ہے کہ آیا کون یہ کارروئیاں انجام دے رہا ہے اور پولیس ان کاررائیوں پر اندھی کارروائی کر رہی ہے ۔ جس کے کچھ بھی نتائج برآمد نہیں ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ کو جمع کرنے کے بعد اس کو ڈاٹا کی شکل دینے سے آن لائن سہولیات سے اقدامات میں آسانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ سارق و رہزن کی تفصیلات اس کی موجودہ حالت اور سرگرمی کے علاوہ اس کے فنگر پرنٹ اس کے افراد خاندان کی تفصیلات بیوی ،بچوں اور سسرالی رشتہ داروں کی تفصیلات گھر کا پتہ رابطہ کا پتہ ۔ سیل فون نمبرس ان تمام کو حاصل کیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے بتایا کہ جاریہ ہفتہ تک یہ خصوصی مہم جاری رہے گی ۔ جس کے بعد اچانک تلاشی مہم شروع ہوگی ۔ کمشنر پولیس مسٹر سی وی آنند نے آج اس پروگرام کے آغاز کے سلسلہ میں میاں پور اور حفیظ پیٹ کا دورہ کیا اور مجرموں کے ریکارڈ کیلئے سروے کیا ۔ سنگاترا نگر میں کمشنر نے دو عادی مجرمین کی تفصیلات ریکارڈ کی ۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2009 سے اب تک سائبرآباد پولیس نے 24707 مجرمین کو گرفتار کیا ۔ تاہم ان میں صرف 9192 سائبرآباد حدود میں پائے جاتے ہیں ۔ باقی حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ و دیگر ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 960 رہزنوں میں صرف 92 کا تعلق سائبرآباد سے ہے ۔ جبکہ 321 حیدرآباد اور 330 ضلع رنگاریڈی سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کے تمام عہدیدار ایک ہفتہ طویل کارروائی کے ذریعہ تمام سارقین و رہزنوں کی تفصیلات کو جمع کریں گے اور موثر کارروائی کی جائے گی ۔ انہو ں نے دعوی کیا کہ اس اقدام سے سارقوں کی نقل و حرکت کے علاوہ جرائم پر قابو میں کافی مدد حاصل ہوگی ۔