حیدرآباد /11 نومبر ( سیاست نیوز ) شراب کی دوکانات میں سرقہ کرنے والی ٹولی سے ہاتھا پائی کے دوران ایک سیکوریٹی گارڈ برقی تاروں کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 55 سالہ دل بہادر بھنڈاری آج صبح برقی کے ہائی ٹینشن تاروں کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھنڈاری ڈائمنڈ وائنس پر سیکوریٹی گارڈ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہاتھا اور گذشتہ چند ماہ سے وہ یہاں ملازمت کر رہا تھا ۔ آج صبح کے اوقات دو نامعلوم افراد ڈائمنڈ وائنس کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے اور انہوں نے دیوار پھاند کر چھت پر جانا چاہا ۔ جیسے ہی بھنڈاری کی نظر پڑی عمارت کے بالائی حصہ پر پہونچ گیا اور سارقوں سے اس کی ہاتھا پائی ہوئی ۔ اسی دوران سارقوں کے مبینہ دھکہ سے وہ برقی ہائی ٹینشن تاروں کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ سارقوں نے بھنڈاری کو دھکہ دینے کے بعد اس کامپلکس میں واقعہ ایک اور شراب کی دوکان میناکشی وائنس میں سرقہ کی واردات انجام دی جہاں سے سارقوں نے قیمتی شراب کی بوتلیں اور نقد رقم لیکر فرار ہوگئے ۔ ونستھلی پورم پولیس نے سارقوں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔