سادھو یادو میرا سیاسی دشمن : رابڑی دیوی

پٹنہ ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور ان کی اہلیہ رابڑی دیوی نے آج انیرودھ پرساد عرف سادھو یادو کے اس اعلان کی مذمت کی ہے جہاں انہوں نے خود اپنی بہن رابڑی دیوی کے خلاف آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرنے کی بات کہی ہے جو سرن حلقہ انتخاب سے مقابلہ کرنے تیار ہیں، حالانکہ بی جے پی نے بھی سادھو یادو کو سیاسی مفادات کے حصول کیلئے انتخابی میدان میں اتارنے کی تردید کی ہے ۔ اخباری نمائندوں نے جب سادھو یادو کے بحیثیت آزاد امیدوار انتخابی میدان میں اترنے کے بارے میں لالو پرساد سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ کون کہاں سے مقابلہ کر رہا ہے۔ سرن حلقہ میں ایسے امیدواروں کے بارے میں کوئی پوچھے گا بھی نہیں۔ رابڑی دیوی نے بھی کہا کہ سادھو ان کا بھائی ضرور ہے لیکن اب وہ ان کا سیاسی دشمن بن چکا ہے لہذا اس کے ساتھ سمجھوتہ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ہم دشمن کو ہرگز نہیں منائیں گے۔ سرن کے عوام ہی اسے سبق سکھائیں گے ۔ یاد رہے کہ سرن میں انتخابی مہم کے دوران رابڑی دیوی نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ دوسری طرف لالو کے بیٹے تیج پرتاپ نے بھی اپنی ماں کے خلاف اپنے ماما کے انتخابی میدان میں اترنے کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انتخابی مہم میں اپنی والدہ کے ساتھ موجود تیج پرتاپ نے کہا کہ ماما سستی شہرت کیلئے ایسی حرکتیں کر رہے ہیں۔ سرن میں جب ووٹوں کی گنتی ہوگی تو ماما سب سے آخر میں ہوں گے ۔ دوسری طرف بی جے پی بھی بار بار یہی کہہ رہی ہے کہ سادھو یادو کو ورغلانے میں پارٹی کا کوئی ہاتھ نہیں ہے کیونکہ اس سے پارٹی کو کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ جب رابڑی دیوی خود اپنے بھائی کو اپنے خلاف مقابلہ آرائی سے نہیں روک سکیں تو بی جے پی پر الزام کیوں لگایا جارہا ہے۔