نئی دہلی ۔ /4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی کی متواتر دوسرے دن انتخابی ریالی بی جے پی نے منسوخ کردی ۔ پارٹی نے یہ واضح اشارہ دیا ہے کہ قومی دارالحکومت میں جاری انتخابی مہم میں انہیں شامل نہیں کیا جائے گا ۔ نرنجن جیوتی وسطی دہلی کے گول مارکٹ علاقہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرنے والی تھی لیکن انہیں آخری وقت خطاب سے روک دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جیوتی کے مبینہ فرقہ وارانہ ریمارکس اور پارلیمنٹ میں برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ نرنجن جیوتی کا ریالی سے خطاب منسوخ کردیا گیا کیونکہ پارٹی کا یہ احساس ہے کہ انہیں خطاب کی اجازت دینے سے پارٹی کی امیج متاثر ہوگی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستقبل کی تمام ریالیوں سے خطاب کو بھی منسوخ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ دہلی بی جے پی کے ترجمان ہریش کھرانا سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر سادھوی نرنجن کا آج ریالی سے خطاب شخصی وجوہات کی بنا پر منسوخ کیا گیا ہے ۔