ساجد خان، چیرمین بلدیہ کنوٹ بلامقابلہ منتخب

عادل آباد میں آمد پر جمعیۃ العلماء کی جانب سے تہنیت کی پیشکشی
عادل آباد /21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نگر پالیکا چیرمین کنوٹ ضلع ناندیڑ ساجد خاں ولد نثار خاں کے بلامقابلہ چیرمین منتخب ہونے پر ضلع نائب صدر جمعیۃ العلماء عادل آباد حافظ محمد ابوبکر نے ان کے عادل آباد آمد پر دوارکا ہوٹل میں تہنیت پیش کرتے ہوئے گلپوشی اور شال پوشی کی۔ واضح ہو کہ 17 جون کو نگر پالیکا کنوٹ کے لئے نامزدگی کے ادخال کا آخری دن تھا، تاہم ساجد خاں کے مقابلہ میں کسی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں کی، اس طرح وہ نگر پالیکا کنوٹ چیرمین کی حیثیت سے بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ قبل ازیں جناب ساجد خاں نے نائب صدر نگر پالیکا کنوٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے کنوٹ میں تقریباً تین کروڑ کے ترقیاتی کام کروائے، جن میں شہر کی سڑکوں کے علاوہ ڈرین کے کام بھی شامل ہیں۔ انھوں نے اپنی کامیابی کا سہرا ان کے قریبی دوست حبیب خاں موسی خاں کے سر باندھا اور کہا کہ حبیب خاں کا اور ان کا ساتھ نہ ہوتا تو وہ نگر پالیکا کے لئے منتخب نہ ہوتے۔ اسی طرح انھوں نے رکن اسمبلی کنوٹ پردیپ نائک کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی و کانگریس قائدین کے تعاون کی وجہ سے وہ اس عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاست ہمارے آبا و اجداد کے ذریعہ ہم تک منتقل ہوئی ہے اور تقریباً دو دہوں سے نگر پالیکا کنوٹ میں ان کے آباواجداد نے خدمات انجام دیئے ہیں، جن میں قابل ذکر ان کے والد نثار خاں اور ان کے ماموں عیسی خاں شامل ہیں۔ اب نگر پالیکا کنوٹ پر این سی پی کا قبضہ ہے، جب کہ نائب صدر کے لئے کانگریس سے وابستہ ابھے مہاجن کا انتخاب عمل میں آیا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس اور این سی پی اتحاد کی وجہ سے شیو سینا اور بی جے پی کو دھکا پہنچا ہے۔ 17 رکنی نگر پالیکا میں ساجد خاں کو 11 ارکان کی تائید حاصل تھی، جس کی وجہ سے شیو سینا اور بی جے پی اتحاد نے نگر پالیکا کنوٹ چیرمین کی نشست کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے احتراز کیا۔ اس موقع پر مولانا ابوذر الہدی فاضل دیوبند، حبیب خاں، ابھے مہاجن اور دیگر ارکان نگر پالیکا بھی موجود تھے۔