سابق وزیر فرید الدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

ظہیرآباد۔/27اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر جناب محمد فرید الدین کل 28اگسٹ کو 11بجے دن چیف منسٹر کیمپ آفس پہنچ کر ٹی آر ایس میں باضابطہ شمولیت اختیار کریں گے۔ اس موقع پر حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے چاروں منڈلوں کے علاوہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے ان کے ہزاروں حامی ان کے ہمراہ رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس سربراہ و ریاستی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج جناب محمد فرید الدین کو ٹیلی فون کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ انہیں اور ان کے حامیوں کو کل 11بجے دن چیف منسٹر کیمپ آفس میں ٹی آر ایس میں شامل کرلیا جائے گا۔ جناب محمد فرید الدین کی کل ٹی آر ایس میں شمولیت ہونے کی اطلاع جیسے ہی عام ہوگئی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں ان کے ہزاروں حامیوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ جناب محمد فرید الدین کی کل ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر اپنی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ان کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے کل صبح 8:30 بجے حیدرآباد روانہ ہونے کے لئے تیاریاں شروع کردی ہے۔