سابق وزیر ریلوے پون بنسل کی عدالت میں حاضری

نئی دہلی ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : سابق وزیر ریلوے پون کمار بنسل آج دہلی کی ایک عدالت میں استغاثہ کے گواہ کی حیثیت سے حاضر ہوئے جہاں 10 کروڑ روپئے کی رشوت کے عوض محکمہ ریلویز میں ملازمت کی پیشکش کا معاملہ زیر سماعت ہے جہاں ان کا بھتیجہ بھی ایک ملزم ہے ۔ پون کمار بنسل کے بیان کی ریکارڈنگ سے قبل اسپیشل سی بی آئی جج سورنا کانتا شرما نے وہاں موجود میڈیا کے ارکان سے کہا کہ وہ معاملہ کی سماعت کے دوران وہاں سے چلے جائیں ۔ پون کمار کو عدالت میں حاضری کے لیے 16 ستمبر کو تازہ سمن جاری کیا گیا تھا جس میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ انہیں شخصی طور پر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ گذشتہ سماعت کے دوران بنسل نے طبی وجوہات کی بنیاد پر عدالت میں شخصی طور پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی ۔ بنسل کا بھتیجہ وجئے سنگلا ، ریلوے بورڈ کے معطل شدہ رکن مہیش کمار اور دیگر آٹھ کو ملازمت کے عوض رقم معاملہ میں مقدمہ کا سامنا ہے ۔ گذشتہ سماعت کی تاریخ پر بنسل عدالت میں شخصی طور پر حاضر نہیں ہوئے تھے کیوں کہ ان کے وکیل پنیت اہلوالیہ نے جج کو بتایا تھا کہ ان کے موکل ( بنسل ) وائرل بخار میں مبتلا ہیں اور 19 ستمبر کے بعد والی سماعت کی کسی بھی تاریخ پر حاضر ہوسکتے ہیں ۔ پون کمار بنسل نے اس تنازعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد گزشتہ سال مئی میں وزیر ریلوے کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کے بعد انہیں اس معاملہ میں استغاثہ کا گواہ بنالیا گیا تھا جب کہ 15 ستمبر سے عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کا آغاز کیا تھا جس میں سی بی آئی نے گذشتہ سال 10 ملزمین پر فرد جرم عائد کی تھی ۔