نریندر مودی جمعرات کو دوسری بار وزیر اعظم عہدہ کا حلف لینے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے سال 2014 میں جب انہیں وزیر اعظم عہدہ کی حلف برداری تقریب کے انعقاد کا موقع ملا تھا تو انہوں نے سارک ملکوں کے سربراہان کو مدعو کیا تھا۔ ان میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف بھی خصوصی طور پر بلائے گئے تھے۔
لیکن اس بار پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو حلف برداری کی تقریب سے دور رکھا گیا ہے۔ اس کو لے کر پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم شریف نے ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔
جیل میں بند سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نے منگل کو عمران خان پر نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پاکستانی ہم منصب کا احترام نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں بھی مودی نے عمران خان کا فون نہیں اٹھایا تھا۔ پاکستان کے 1998 میں ایٹمی تجربات کے سلسلہ میں یہاں ماڈل ٹاؤن میں منعقد ایک پروگرام میں مریم نے کہا کہ عمران نے شکایت کی تھی کہ ہندوستانی وزیر اعظم نے ان کا فون نہیں اٹھایا۔ اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی عروج پر تھی۔
طاقتور فوج کا ذکر کرتے ہوئے مریم نے کہا ’’ مودی اور دنیا کے دیگر ملکوں کے سربراہان کیوں عمران خان کا احترام نہیں کرتے ہیں۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ آپ کسی کی مدد سے لوگوں کے ووٹ چوری کر کے اقتدار میں آئے ہیں۔ آپ کسی کے اشارے پر چلتے ہیں‘‘۔
مریم نے کہا ’’ عمران خان، آپ کا درجہ کسی کٹھ پتلی سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ دنیا میں آپ کا کوئی احترام نہیں ہے‘‘۔ مریم نے کہا کہ عمران، شریف کو ’’ مودی کا دوست‘‘ کہا کرتے تھے۔