سورت؍ نئی دہلی۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سراسر جھوٹ بول رہے ہیں۔ یو پی اے حکومت میں کٹھ پتلی وزیراعظم ہونے کا الزام عائد کرنے کے بعد بی جے پی صدر امیت شاہ نے کہا کہ منموہن سنگھ نے 10 سالہ دور حکومت میں 12 لاکھ کروڑ روپئے کے اسکامس ہوئے ہیں۔ وہ اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار نہیں کرسکتے۔ میرا ماننا ہے کہ وزیراعظم کی ذمہ داری محدود نہیں ہوتی کہ وہ خود کو رشوت ستانی معاملہ سے دور رکھ سکے بلکہ اس کی ذمہ داری یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں کو بھی رشوت ستانی میں ملوث ہونے کی اجازت نہ دے۔ منموہن سنگھ کے دور میں سسٹم سے رشوت کا خاتمہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی بلکہ ان کے دور میں 12 لاکھ کروڑ روپئے کے اسکامس ہوئے ہیں۔ کانگریس اپنی ذمہ داری سے راہ فرار اختیار نہیں کرسکتی۔