سابق وزیراعظم اور کانگریس سے وضاحت طلبی

نئی دہلی ۔ 21 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے آج سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس سے پریس کونسل آف انڈیا کے صدرنشین مارکنڈے کاٹجو کے عدلیہ میں کرپشن کے الزامات کے بارے میں وضاحت طلب کی ہے۔ سابق جج سپریم کورٹ مارکنڈے کاٹجو کے الزامات پر پارٹی کے سینئر قائد ڈی راجہ نے مطالبہ کیا کہ قومی عدلیہ کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ عدلیہ کے احتساب کو یقینی بنایا جاسکے۔ عدلیہ کی آزادی کی سرفرازی ہو اور اس میں کرپشن پر قابو پایا جاسکے ۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری نے کہا کہ عدلیہ میں کرپشن کے الزامات عائد کئے گئے تھے لیکن کاٹجو کے تازہ اقدامات سے قومی عدالتی کمیشن کے قیام کی ضرورت پر روشنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم نہیں ہوتا ہے ججس کا تقرر، ترقی یا تبادلے کیسے کئے گئے ہیں۔ حالانکہ کالجیم کا ایک نظام موجود ہے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس پارٹی کو وضاحت کرنی چاہئے کہ کیا یہ الزامات درست ہیں؟ سی پی آئی کے سینئر قائد نے سوال کیا کہ موجودہ وقت کاٹجو ایسے الزامات کیوں عائد کر رہے ہیں ؟ انہوں نے نامعلوم ایڈیشنل جج مدراس ہائی کورٹ کے خلاف کرپشن کے الزامات کا تذکرہ کیا ہے ۔