اصل سرغنہ مفرور ، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مہیش مرلی بھگوت کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /24 جنوری ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے اہم کارروائی میں اغواء معاملہ میں ملوث ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر ونستھلی پورم پولیس نے ایک کارروائی میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ 65 سالہ سابق سرپنچ انتیا کے اغواء کا اصل سازشی و سرغنہ مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت کے مطابق 30 سالہ بی پربھاکر 29 سالہ کرشنا کے علاوہ مغربی بنگال کے ساکنان مبارک انصاری 24 سال شیخ شریف 21 سال 17 سالہ شیخ حسیب اور 19 سالہ شیخ سہراب علی کو گرفتار کرلیا ۔ مریال گوڑہ علاقہ کا متوطن اصل سرغنہ سازشی مادھو چاری عرف مدھو جس کی عمر 32 سال بتائی گئی ہے ۔ فیس بک کے ذریعہ مبارک انصاری سے دوستی کی اور روزگار دینے کے بہانے اسے حیدرآباد طلب کیا ۔ جس کے بعد اس نے فی کس 2 لاکھ روپئے کی پیشکش کرتے ہوئے انایا کو اغواء کرنے کی سازش کی تفصیل بتائی اور اس منصوبہ پر 20 جنوری کے دن عمل کیا گیا ۔ اغواء کاروں نے اس سے 30 کروڑ کا مطالبہ کیا گیا ۔ دیگر صورت اس کے نام موجودہ اراضیات کو اپنے نام کروانے کی شرط رکھی جس کے بعد یہ ضعیف شخص ان کے جنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور اسپیشل آپریشن ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی ایس او ٹی سید رفیع اور دیگر موجود تھے ۔