سابق رکن پارلیمنٹ محمد سالم انصاری کی بی ایس پی میں واپسی 

نئی دہلی:بی ایس پی سے خارج کردئے گئے سابق رکن پارلیمنٹ محمد سالم انصاری نے دوبارہ بی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے محمد سالم کو ان کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پاس مدعو کیا اور انہیں یوم ولادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل کرلیا۔ او رانہیں گھوسی ، لال گنج اور مچھلی شہر کی پارلیمانی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بی ایس پی سے نکالے جانے کے بعد محمد سالم انصاری نے کانگریس میں شامل ہونے اعلان کیا ۔ چنانچہ بی ایس پی سربراہ نے انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل ہونے کی اجازت دیدی ۔ او ر ان کے یوم ولادت کے موقع پر بی ایس پی سربراہ مایاوتی سے ملاقا ت کی اور دوبارہ بی ایس پی میں شامل ہوگئے ۔

بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنی بہن لیڈر مایاوتی جی کا شکرگذار ہو ں کہ انہوں نے اپنے کارکن پر اعتماد کیا ۔ او رمیرے جنم دن پر مجھے واپسی کا تحفہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مایاوتی جی نے مجھ سے تقریبا دیڑھ گھنٹے تک مجھ سے فون پر بات کی او رمجھ سے کہا کہ ’’ ہم نے تمہیں دَل سے نکالاتھا دل سے نہیں ۔‘‘ مسٹر انصاری نے کہا کہ بہن جی صرف مجھے واپس بلایا نہیں بلکہ مجھے مچھلی شہر ، گھوسی اور لال گنج کے لوک سبھا نشستوں کی ذمہ داری بھی دی ۔ انصاری نے مزید کہا کہ اب جبکہ بہن جی نے اعتماد ظاہر کیا ہے او رذمہ داری سونپی ہے توپہلے سے زیادہ ذمہ داری سے پارٹی کیلئے کام کروں گا او رجو بھی بہن جی کا حکم ہوگا اس پر سوفیصد عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اترپردیش میں اتحاد کی جیت ہوگی او ربی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔