رانچی۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اولمپین کھلاڑی سائیل وانس ڈنگ ڈنگ نے ایشین گیمس میں 16 برس بعد گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے مظاہروں پر انہیں مبارکباد دینے کے علاوہ انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے مظاہروں کے معیار کو مزید بلند کریں تاکہ 2016ء ریو اولمپکس میں کامیابی کے امکانات کو مزید بڑھایا جاسکے۔ 1980ء ماسکو اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کے رکن ڈنگ ڈنگ نے کہا کہ 1998ء بنکاک ایشین گیمس کے بعد ہندوستانی ٹیم کا گولڈ میڈل حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے لیکن جس طرح کا مظاہرہ ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں کیا وہ اولمپکس کیلئے ناکافی ہوگا کیونکہ پاکستان کے خلاف ہم نے گول بنانے کے مواقع گنوائیں اور شوٹ آوٹ تک مقابلہ جاری رہا۔