سائنہ نیہوال اور سریکانت نے وومنس و مینس سنگلز خطاب جیت لئے

فزہو ( چین ) 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بیڈمینٹن کیلئے آج کا دن تاریخی رہا کیونکہ سائنہ نیہوال اور کے سریکانت نے سات لاکھ ڈالر کی انعامی رقم والے چائنا اوپن سوپر سیریز کے وومنس اور مینس سنگلز خطاب جیت لئے ہیں۔ اولمپک برانز میڈلسٹ سائنہ نیہوال نے اپنے تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے جاپان کی اکانے یاماگوچی کو شکست دی جبکہ نوجوان کھلاڑی سریکانت نے دو مرتبہ کے اولمپک چمپئن لن ڈان ( چین ) کے خلاف لگاتار دو گیموں میں شاندار کامیابی درج کروائی ۔ سریکانت کا یہ کیرئیر کا پہلا سوپر سیریز خطاب تھا ۔ ہندوستان کی سائنہ نیہوال پانچویں عالمی سیڈ ہیں اور اس باوقار ٹورنمنٹ میں چھٹی مرتبہ حصہ لیتے ہوئے انہوں نے 17 سالہ اکانے یاما گوچی کو 21 – 12, 22 – 20 سے 42 منٹ تک چلے مقابلہ میں شکست دیدی ۔ یہ مقابلہ ہئیژیا اولمپک اسپورٹ سنٹر میں منعقد ہوا تھا ۔ 21 سالہ سریکانت نے بھی انتہائی صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے لن ڈان کے مقابلہ میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے لن ڈان کو مینس سنگلز مقابلہ میں 21 – 19, 21 – 17 سے شکست دیدی ۔ یہ مقابلہ 46 منٹ تک چلا ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستان کے کسی مرد بیڈمینٹن کھلاڑی نے سوپر سیریز پریمئیر کا سنگلز خطاب جیتا ہے ۔

سوپر سیریز پریمئیر ٹورنمنٹس کے آغاز کے بعد سے یہ ہندوستان کی پہلی شاندار کامیابی ہے ۔ سریکانت نے مقابلہ میں بہترین مظاہرہ کیا اور ابتداء میں وہ 11 – 7 سے آگے تھے تاہم لن ڈان نے اس فرق کو کم کرتے ہوئے 11 – 10تک گھٹا دیا تھا ۔ 31 سالہ لن ڈان نے یہاں بہترین مظاہرہ کیا تھا اور اپنے اسٹروکس پر مکمل کنٹرول کا مظاہرہ کر رہے تھے تاہم ہندوستانی اسٹار سریکانت نے اپنی تیز رفتاری دکھاتے ہوئے سبقت میں مزید بہتری پیدا کرتے ہوئے 14 – 12 تک پہونچا دیا تھا ۔ لن نے اس موقع پر اپنے تجربہ کو بروئے کار لانے کی کوشش کی اور منفرد انداز کے اسٹروکس لگانے شروع کردئے تھے ۔

اس موقع پر انہوں نے سبقت حاصل کرتے ہوئے اسکور 19 – 17 تک پہونچا دیا تھا ۔ سریکانت نے بروقت اپنے کھیل میں بہتری پیدا کی اور مسلسل چار پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے یہ گیم اپنے نام کرلیا تھا ۔ آخری پوائنٹ کیلئے سریکانت نے ایک خوبصورت شاٹ لگاتے ہوئے برتری حاصل کرلی ۔ دوسرے گیم کا آغاز بھی اسی انداز میں ہوا اور دونوں نے ہی سخت مقابلہ کیا ۔ سریکانت نے تاہم 12 -12 پر اسکور مساوی کرنے کے بعد پیشرفت کی تھی لیکن لن ڈان نے اسکور پھر ایک بار 15 – 15 پر برابر کرلیا تھا ۔ سریکانت نے اس کے بعد اپنے کھیل میںمزید بہتری پیدا کی اور انہوں نے لن ڈان کو طاقتور انداز میں میچ میں واپسی کرنے کا موقع دئے بغیر یہ گیم اور خطاب اپنے نام کرلیا ۔ یہ گیم انہوں نے 21 – 17 سے جیتا ۔ وومنس سنگلز خطابی مقابلہ میں سائنہ نے اپنا پہلا چائنا اوپن خطاب اپنی چھٹی کوشش میں جیتا ۔

انہوں نے اکانے یاماگوچی کے خلاف بہترین مظاہرہ کیا اور ابتداء سے سبقت حاصل کرتی رہیں ۔ درمیان میں حالانکہ انہوں نے کچھ پوائنٹس گنوائے تھے لیکن وہ بھی بروقت اپنے کھیل میں سدھار لانے میں کامیاب رہیں اور میچ کو ہاتھ سے نکلنے نہیں دیا ۔ سائنہ نے میچ کے دوران خوبصورت شاٹس لگائے اور مخالف کھلاڑی کے تیز رفتار حملوں کا بہترین اندازمیں دفاع کیا ۔ سائنہ کیلئے یہ سال کا تیسرا خطاب رہا ہے ۔ انہوں نے جون میں آسٹریلین اوپن سوپر سیریز خطاب جیتا تھا اس کے علاوہ انہوں نے جاریہ سال کے اوائل میں سید مودی انٹرنیشنل گرانڈ پری خطاب اپنے نام درج کیا تھا ۔