آر بی آئی کو بھی دھوکہ دہی، ڈی سی پی ساؤتھ زون ستیہ نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈی آر ڈی او کا سائنسداں بتاتے ہوئے عوام کو لاکھوں روپئے کا دھوکہ دینے والے شاطر سرغنہ کو ساؤتھ زون پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس خصوص میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ عوام کو لاکھوں روپئے کا دھوکہ دینے والے برکت علی منیار کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی عمر 42 سال بتائی گئی ہے۔ اس کے خلاف کالاپتھر، فلک نما، رین بازار اور چندرائن گٹہ میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایک بین ریاستی دھوکہ باز ہے جس نے تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی عوام کو اپنی دھوکہ دہی کا شکار بنایا۔ خود کو ڈی آر ڈی او کا سائنٹسٹ ظاہر کرتے ہوئے عوام کو اپنی جعلسازی کا شکار بنایا کرتا ہے اور اس بات کا یقین دلاتا ہے کہ آر بی آئی نے اس کے نئے میزائل پراجکٹ کے لئے ایک ہزار کروڑ روپئے منظور کئے ہیں اور اس رقم کیلئے اس کے پاس سرمایہ کیا جائے۔ ڈی سی پی کا کہنا ہیکہ پولیس اس کے بین الاقوامی تعلقات پر بھی شبہ کررہی ہے کہ یہ افغانستان اور پاکستان کو تو رقم منتقل نہیں کررہا تھا۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والا یہ سرغنہ شخص گوا اور ممبئی کے سرحدی علاقہ گڈال میں رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خود کو کرشماتی صلاحیتوں کا ظاہر کرتے ہوئے اس نے کئی خواتین کو بھی اپنی دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا۔ ابھی تک 60 افراد پولیس سے رجوع ہوئے ہیں اور مزید افراد اس کے خلاف شکایت لیکر پولیس سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ برکت علی منیار کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ (پی ڈی ایکٹ) نافذ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر غوث محی الدین، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما سید فیاض و دیگر موجود تھے۔