سائنا کی ایشین گیمس کیلئے ویمل کمار کی نگرانی میں ٹریننگ

نئی دہلی ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ناقص فام کی شکار ہندوستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے قومی کوچ پولیلا گوپی چند سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے جنوبی کوریا میں منعقد شدنی ایشین گیمس کیلئے اپنے سابق کوچ ویمل کمار کی سرپرستی اختیار کرلی ہے۔ سائنا نے رواں سیزن ماہ جون میں آسٹریلین اوپن میں خطاب حاصل کرتے ہوئے 20 ماہ طویل خطابی قحط کو ختم کیا تھا جبکہ ماہ مئی میں اوبیر کپ میں بھی انہوں نے بہتر مظاہرہ کیا تھا لیکن فٹنس مسائل کی وجہ سے گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس سے دستبرداری اختیار کی اور وہاں وہ اپنے خطاب کا دفاع نہیں کرپائی ہیں۔ دریں اثناء اپنی بہترین کوششوں اور ٹریننگ کے باوجود سائنا نہوال گذشتہ ہفتہ منعقدہ ورلڈ چمپیئن شپ میں بھی میڈل حاصل کرنے میں ناکام رہی اور انہیں کوارٹر فائنلس میں عالمی نمبر ایک چینی کھلاڑی لی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔

اب جبکہ ایشین گیمس میں صرف 15 دنوں کا وقت بچا ہے لہٰذا سائنا نے فیصلہ کیا ہیکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ویمل کی ٹریننگ حاصل کریں گی کیونکہ ان کی جانب سے دی جانی والی ٹپس کی بدولت سائنا نے اوبیر کپ میں بہتر مظاہرہ کیا تھا۔ 23 سالہ کھلاڑی آج بنگلور روانہ ہوچکی ہیں، جہاں وہ پرکاش پوڈوکون اکیڈیمی میں آئندہ دو ہفتوں تک ٹریننگ کریں گی۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے سائنا نہوال نے کہا کہ ایشین گیمس سے قبل میں ویمل سر کی سرپرستی میں ٹریننگ کرنا چاہتی ہوں کیونکہ ان کے مشوروں کی بدولت اوبیر کپ میں میرا مظاہرہ بہتر رہا تھا۔ سائنا کی گوپی چند سے علحدگی نے پھر ایک مرتبہ ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے کیونکہ کہا جارہا ہیکہ پی وی سندھو اور دیگر کھلاڑیوں پر توجہ دینے کی وجہ سے سائنا کو اپنے کوچ سے زیادہ ٹریننگ کا موقع نہیں مل رہا ہے۔