برمنگھم 7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) لندن اولمپک برونز میڈلسٹ سائنا نہوال نے آج بیڈمنٹن کے سب سے باوقار ٹورنمنٹ ’آل انگلینڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ‘ کے فائنلس میں رسائی حاصل کرتے ہوئے اولین ہندوستانی خاتون بن کر تاریخ رقم کی، جس کیلئے انھوں نے یہاں ویمنس سنگلز کامپٹیشن میں چین کی سون یو کے مقابل سیدھے گیم کی فتح درج کرائی۔ عالمی نمبر 3 ہندوستانی جو 2010ء اور 2013ء میں اس ایونٹ کے سیمی فائنلس تک پہنچی تھیں، انھوں نے اَن سیڈیڈ سون کو 21-13، 21-13 سے شکست دی جبکہ یہ میچ بارکلے کارڈ اَرینا میں 50 منٹ چلا۔ سائنا اب محض ایک قدم دور ہیں کہ وہ ہم وطن لجنڈز پرکاش پڈوکون (1980ء) اور پی گوپی چند (2001ء) کی صف میں شامل ہوں گی جنھوں نے ماضی میں یہ باوقار ٹائٹل جیتا ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی لڑکی جو 10 یوم میں 25 برس کی ہوجائیں گی، کل خطابی مقابلے میں موجودہ ورلڈ چمپئن اسپین کی چھٹی سیڈ کیرولینا مرین کا سامنا کریں گی، جنھوں نے ایک دیگر سیمی فائنل میں چائنیز تائپی کی تائی زو یینگ کو 21-18، 21-11 سے ہرایا۔ سائنا کا اس اسپینی کھلاڑی کے خلاف 3-0 کا عمدہ ریکارڈ ہے۔