سائنا پہلی مرتبہ یاماگوچی کو شکست دینے میں کامیاب

اونڈیسے ۔ 18اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام )دنیا کی 10 ویں نمبر کی کھلاڑی ہندوستان کی سائنا نہوال نے دوسری درجہ کی جاپان کی اکانے یاماگوچی کوشکست دی اور یہاں ڈنمارک اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے خواتین کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔جاپانی کھلاڑی یاماگوچی نے اس سے پہلے تک ہندوستانی اسٹار کھلاڑی کو کیریئر کے سات مقابلوں میں سے چھ میں شکست دی ہے لیکن گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈمیڈل اور ایشیائی کھیلوں میں برونزکی فاتح سائنا نے اپنی زبردست فارم کو برقرار رکھتے ہوئے یاماگوچی کو راست گیموں میں 21 -15، 21-17 سے 36 منٹ میں ٹورنمنٹ سے باہر کر دیا۔سائنا کو دوسری سیڈ یاماگوچی نے اس سال دو مرتبہ ملائیشیا اوپن اور تھامس اوبیر کپ میں شکست دی تھی۔ غیر سیڈ ہندوستانی کھلاڑی نے پہلے گیم میں 8-8، 10-10 کی برابری کے بعد مسلسل چھ پوائنٹس لیے اور15-10 کی برتری بنائی۔ انہوں نے پھر آرام سے پوائنٹس لیے اور ایک گیم پوائنٹ لے کر پہلا گیم آسانی سے جیتا۔ دوسرے گیم میں یاماگوچی نے مزید جدوجہد دکھائی لیکن سائنا نے ایک وقت8-11 سے پیچھے ہونے کے بعد مسلسل پانچ پوائنٹس کے ساتھ جاپانی کھلاڑی کو13-11 سے پیچھے چھوڑ دیا۔16-16 پر پھر یاماگوچی نے برابری کی لیکن سائنا نے مسلسل پوائنٹس جوڑے اور21-17 سے کھیل اور میچ اپنے نام کرکے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔سائنا کے سامنے اب آٹھویں رینک جاپان کی ہی نوجومي اوکوھارا کا چیلنج ہوگا۔ دنیا میں ساتویں رینک کی اوکوھارا بھی سائنا کی سخت حریف ہیں، جنہوں نے اس سال کوریا اوپن اور انڈونیشیا میں سائنا کو شکست دی ۔