گوہاٹی 24 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چوٹ کی وجہ سے اپنی ٹیم اودھ واریرس کے تیسری ووڈافون پریمیئر بیڈمنٹن لیگ میں چینائی اسماشرس کے خلاف پہلے میچ میں نہیں کھیل پائیں اسٹار کھلاڑی سائنا نہوال 30 دسمبر کو ٹیم کے دوسرے مقابلے میں واپسی کر سکتی ہیں۔سائنا نے ہفتہ کو بنچ سے اپنی ٹیم کو گزشتہ چمپئن چینائی کو ہراتے ہوئے دیکھا۔سائنا کی چوٹ کی وجہ سے ناظرین کو سائنا اور پی وی سندھو کے درمیان طویل انتظار مقابلہ دیکھنے کو نہیں مل پایا۔ اگرچہ سیمی فائنل یا فائنل میں دونوں ٹیموں کے مقابلہ کی صورت میں ناظرین کی یہ خواہش پوری ہو سکتی ہے ۔سائنا نے اس سال سندھو کو ناگپور میں شکست دے کر قومی خطاب جیتا تھا۔اودھ واریرس کے کوچ انوپ سریدھر کو امید ہے کہ ان کی یہ اسٹار کھلاڑی دہلی میں ہونے والے دوسرے میچ میں نارتھ ایسٹ واریرس کے خلاف 30 دسمبر کو واپسی کریں گی۔سریدھر کے ساتھ سعادت اللہ واریرز کی کوچنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ سائنا معمولی سی ٹخنے کی چوٹ سے نکل رہی ہیں، جو انہیں گزشتہ چند دنوں میں لگی ہیں ۔ وہ اچھی طرح اس چوٹ سے نکل رہی ہیں اور امید ہے کہ وہ اگلے میچ میں واپسی کریں گی۔