نئی دہلی ۔ 8 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) مارچ کے دوران باوقار آل انگلینڈ اوپن چمپیئن شپ کے فائنل تک ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار سائینا نہوال کی رسائی پر حکومت نے آج 25 لاکھ روپئے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وزارت اسپورٹس کی طرف سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق ’’بین الاقوامی اسپورٹس مقابلوں میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں اور ان کے کوچس کو خصوصی اعزازات سے متعلق اس وزارت کی اسکیم کے تحت مس نہوال کو یہ نقد انعام دیا گیا ہے ‘‘ ۔ 25 سالہ سائینا پہلی ہندوستانی خاتون شٹلر ہیں جنھوں نے آل انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن چمپیئن شپس کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھیں لیکن انھیں اس فائنل مقابلے میں اسپین کی کیرولینا مارین کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی ۔