برمنگھم۔ 3؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ طویل عرصہ سے خطاب حاصل کرنے میں ناکام رہنے والی ہندوستان اولمپک براؤنز میڈلسٹ سائنا نہوال نے ان عزائم کا اظہار کیا کہ کل یہاں شروع ہونے والی آل انگلینڈ سوپر سیریز ٹورنمنٹ میں خطاب کی خواہاں ہیں۔ باوقار اس ٹورنمنٹ میں سائنا واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنھیں ڈرا میں درجہ بندی کا مقام حاصل ہوا ہے۔ گزشتہ برس سائنا کو یہاں سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کی راٹچانوک انٹانون کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر فائز ہندوستانی کھلاڑی سائنا نہوال کو گزشتہ سیزن زخموں کے مسائل کے علاوہ ناقص فارم کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ صرف ہندوستان میں منعقدہ سید مودی انٹرنیشنل جی پی جی خطاب حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں اور یہ کامیابی انھوں نے رواں برس جنوری میں لکھنؤ میں حاصل کیا ہے۔ سائنا نے آل انگلینڈ ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کے لئے اپنا وزن بھی کم کیا ہے اور پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں وہ اسکاٹ لینڈ کی کرسٹی گلمور کا سامنا کریں گی۔