سائنا اور سریکانت کو سخت ڈرا

دبئی ۔16 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور کیڈمبی سریکانت کیلئے کل یہاں دبئی میں شروع ہونے والے سیزن کے آخری بی ڈبلیو پی ورلڈ سوپر سیریز فائنل میں سخت ڈرا کا سامنا ہے۔ چائنا سوپر سیریز میں شاندار مظاہروں اور خطابات کے حصول کے بعد سائنا اور سریکانت کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ تاہم انہیں کل شروع ہونے والے ٹورنمنٹ میں سخت مقابلے اس لئے درپیش رہیں گے کیونکہ ان مقابلوں میں سیزن کے سرفہرست 8 کھلاڑی شرکت کے اہل ہوتے ہیں۔ سائنا گروپ اے میں شامل ہیں جہاں انہیں چینی کھلاڑی شیزیان وانگ، کوریائی کھلاڑی جی ہیون سنگ اور ایان جوبائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں سریکانت کو کسی قدر بہتر گروپ دستیاب ہوا ہے کیونکہ وہ گروپ بی میں ڈنمارک کے جان او جارجین سن، جاپان کے کینٹو مموٹو اور انڈونیشیاء کے ٹامی سوگیارٹو کا سامنا کریں گے۔ دریں اثناء دونوں کھلاڑیوں کیلئے یہ موقع بھی دستیاب ہیکہ اگر وہ اپنے حریف صرف دو کھلاڑیوں کے خلاف بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات حاصل کرتے ہیں تو انہیں سیمی فائنل میں کھیلنے کا موقع خود بخود حاصل ہوجائے گا۔ چینی کھلاڑی وانگ کے خلاف سائنا کا ریکارڈ 5-5 کا ہے جبکہ سنگ کے خلاف سائنا کا ریکارڈ 4-1 کے ذریعہ اور بھی بہتر ہے۔ 2011ء میں خطابی مقابلہ کھیلنے والی سائنا کیلئے گذشتہ ایڈیشن کے مظاہرہ مایوس کن ہیں۔