سائنامودی ماسٹرس کے فائنل میں داخل

لکھنو۔24جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی نمبر ایک کھلاڑی سائنا نہوال اور کڈمبی سریکانت نے یہاں کھیلے جارہے سید مودی انٹرنیشنل انڈیا ماسٹرس کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ بابو بنارسی داس انڈور اسٹیڈیم میں 1.2لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کے ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں سرفہرست اور عالمی درجہ بندی میں تیسرے مقام پر فائز سائنا نے تھائی لینڈ کی لیچانگ جنڈاپون کو صرف 40منٹوں میں 21-10‘ 21-16 کی شکست دی جب کہ سریکانت نے ہم وطن ایچ ایس پرونائے کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 12-21‘ 21-12‘ 21-14 کی شکست دی ۔ سریکانت کو کامیابی کیلئے ایک گھنٹہ دو منٹ طویل جدوجہد کرنی پڑی ۔ سائنا نے مقابلے کا شاندار آغاز کیا تھا اور 5-2کی سبقت حاصل کرلی تھی لیکن اس موقع پر حریف کھلاڑی جنڈاپون نے مقابلے میں واپسی کرتے ہوئے اسکور کو 7-7سے برابر کردیا تھا لیکن اس کے بعد سائنا کے مظاہروں میں جارحانہ کارکردگی دیکھی گئی اور انہوں نے حریف کھلاڑی کو پھر مقابلہ میں واپسی کا موقع نہیں دیا ۔