حیدرآباد ۔ /8 مئی (سیاست نیوز) ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی سواتی لکرا نے بتایا کہ سائبر کرائمس کی مارکٹ انٹلیجنس یونٹ جسے فبروری 2015 ء میں قائم کیا گیا تھا کہ مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس یونٹ کو قائم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات موبائیل فون کے ایس ایم ایس اور ای میلس کے ذریعہ دھوکہ بازوں پر نظر رکھی جاسکے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے ان کے خلاف بروقت کارروائی کی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس یونٹ کو قائم کئے جانے کے بعد اب تک 36 مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں 14 ملزمین کو 9 مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 27 مقدمات زیرتحقیقات ہے اور 48 مزید درخواستیں زیرغور ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مقدمات میں سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی ، ملازمت کا جھانسہ ، نائجیرین آن لائن لاٹری دھوکے بازی ، میریج بیورو کے ذریعہ دھوکے بازی اور آن لائن قرض کے نام پر دھوکہ دہی کے مقدمات شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملزمین میں بین ریاستی دھوکے باز شامل ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ ای میلس ، ایس ایم ایس اور دیگر اشتہارات سے ہوشیار باش رہیں کیونکہ دھوکے باز آئے دن نئے حربے استعمال کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔