شمس آباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ریاست بھر میں جنسی ہراسانی کے واقعات کو دیکھتے ہوئے محکمہ پولیس بھی سنجیدگی سے اقدام کررہی ہے اور ساتھ ہی ملزمین پر سخت نگاہ رکھی جارہی ہے ۔ سائبر آباد کمشنر مسٹر وی سی سجنار نے ایسے ہی دو اساتذہ کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ تفصیلات کے بموجب شمس آباد کے موضع مچنتل میں اپرپرائمری اسکول ہیڈ ماسٹر سید اکبر 55 سالہ ساکن آلور چیوڑلہ منڈل نے ایک نابالغ لڑکی کو اپنے جھانسہ میں پھنساتے ہوئے اس کا اغواء کیا اور قلعہ گولکنڈہ لیجاکر اس سے شادی کی اور اس کی مسلسل عصمت ریزی کرتا رہا ۔ لڑکی کے والدین کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سید اکبر کی تلاش شروع کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا ۔ ایک اور واقعہ میں ڈی سنتوش کمار 25 سالہ ساکن بالا نگر متوطن سنگاریڈی جو سینٹ اگاتا ماڈل ہائی اسکول سنت نگر میں خانگی ٹیچر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا اس دوران دسویں جماعت کی طالبہ کو وہ اپنے جھانسہ میں لے لیا اور اسے تحفہ میں ایک سیل فون بھی دیا جس کے ذریعہ وہ روزانہ فون کیا کرتا تھا اور اسے اپنے قابو میں کرنے کے بعد شادی کا جھانسہ دے کر نابالغ لڑکی کے ساتھ عصمت ریزی کی تھی ۔ دونوں اساتذہ کے خلاف سائبر آباد کمشنر نے سخت نوٹ لیتے ہوئے پی ڈی ایکٹ نافذ کیا اور انتباہ دیا کہ آئندہ کوئی بھی شخص جنسی ہراسانی یا عصمت ریزی کے الزام میں ملوث رہا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔