بیک وقت دو قتل کے ملزم کو گرفتار کرنے میں پولیس ناکام
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس کسی بھی واقعہ کی یکسوئی اور واردات کو حل کرنے میں اپنی مہارت اور بہادری کا دعویٰ کرتی ہے لیکن اس با صلاحیت اور دعویدار فورس کو ان دنوں ایک نئے قاتل سے چیالنج درپیش ہے ۔ یہ قاتل کوئی پیشہ ور مجرم یا پھر عادی مجرم نہیں بلکہ بدلہ کی آگ میں اس نے ایک نہیں بلکہ دو قتل کی واردات کو ایک ہی وقت انجام دیا تھا ۔ اور پولیس دو ہفتہ گذرنے کے بعد اس قاتل امیت سنگھ کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ۔ حالانکہ پولیس کی چار خصوصی ٹیمیں امیت سنگھ کی تلاش میں مصروف ہے ۔ باوجود وہ ابھی تک پولیس کے ہاتھ نہیں آیا اور نہ ہی اس کی موجودگی اور نقل و حرکت کے تعلق سے پولیس کے یہاں کوئی موثر جواب ہے ۔
واردات سے قبل اور سازش کے دوران تو بہت سے گرفتاریاں عمل میں لائی جاتی ہے اور اس پر بڑی کامیابی کا دعویٰ کیا جاتا ہے جب کہ حالیہ دنوں پولیس کا زیادہ تر کام اور مدد مقامی ذرائع کے بجائے سی سی ٹی وی کیمرے انجام دے رہے ہیں ۔ باوجود اس کے پولیس سائبر آباد کے لیے ان دنوں کوئی ذریعہ مددگار ثابت نہیں ہورہا ہے ۔ یاد رہے کہ امیت سنگھ نامی قاتل نے 7 جولائی کے دن 21 سالہ سانگی ریڈی سری لیکھا اور 22 سالہ سانگی ریڈی یامنی کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا تھا ۔ یہ واردات چیتنیہ پوری پولیس حدود میں پیش آئی تھی ۔ 31 سالہ امیت سنگھ سری لیکھا نامی لڑکی سے محبت کرتا تھا اور یہ محبت اس کی ایک طرفہ محبت تھی ۔ سری لیکھا کی جانب سے امیت سنگھ کی پیشکش کو مسترد کرنے کے بعد اس نے انتقام لینے کے لیے دونوں بہنوں کا مبینہ قتل کردیا ۔
باوثوق ذرائع کے بموجب قتل کے بعد امیت سنگھ اپنے آبائی مقام اترپردیش فرار ہوگیا اور اترپردیش میں وہ مقام بدل بدل کر پولیس کی آنکھ میں دھول جھونکتے ہوئے گھوم رہا ہے ۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں اس کے تعاقب میں متھرا بھی پہونچ گئی تھیں ۔ تاہم وہ پولیس کے پہونچنے سے قبل فرار ہوگیا ۔ پولیس نے متھرا میں واقع امیت کے بھائی کے مکان کی بھی تلاشی لی اور اس کے والدین کو بھی حراست میں لیا تھا تاہم امیت کے والدین نے اپنے آپ کو ان کے قاتل بیٹے سے قطعی لاتعلق قرار دے دیا اب پولیس متھرا اور اترپردیش کی خاک چھان رہی ہے ۔ بڑے سے بڑا دہشت گرد سازش کے دوران پکڑا جاتا ہے ۔ لیکن سنسنی خیز دوہرے قتل کو انجام دینے والا قاتل پولیس کو دردر کی خاک چھاننے پر مجبور کررہا ہے ۔ تاہم پولیس کے اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امیت سنگھ کو بہت جلد گرفتار کریں گے ۔۔