ریاض ۔ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیزالشیخ نے امت مسلمہ کو خبردار کیا ہیکہ وہ سائبر دنیا سے چوکنا اور چوکس رہیں۔ سائبردنیا نے مسلم نوجوانوں کو بگاڑنے کا کام شروع کیا ہے۔ نامعلوم افراد کی جانب سے شروع کردہ اس سائبر دنیا کے خلاف امت مسلمہ کو جنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ جو لوگ اس کے پیچھے ہیں ان کا مقصد مسلمانوں میں زہر پھیلانا اور امت مسلمہ کو نقصان پہنچانا ہے۔ مفتی اعظم نے نوجوانوں خاص کر سعودی شہریوں مرد و خواتین سے کہا کہ وہ سائبر دنیا کی خرابیوں سے دور رہیں۔ اس کے ذریعہ انہیں گمراہ کرتے ہوئے گناہ کی طرف راغب کیا جارہا ہے۔ ان سائیٹس کی وجہ سے ہی مسلم نوجوانوں کی بڑی تعداد لغویات میں مبتلاء ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک دوسرے کے درمیان نفرت پھیلانے کیلئے بھی سائبر دنیا اہم رول ادا کررہی ہے۔