حیدرآباد /23 فروری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اور راچہ کنڈہ پولیس حدود میں پیش آئے مختلف واقعات میں 5 خواتین نے خودکشی کرلی ۔ زائد جہیز کیلئے ہراسانی اور اذیت رسانی و گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر ان خواتین نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 21 سالہ عائشہ بیگم جو عطاپور علاقہ کے ساکن نوید شاہ قادری کی بیوی تھی کل اس خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ عائشہ بیگم کو شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے ہراسانیوں کا سامنا تھا ۔ سب انسپکٹر شیکھر ریڈی نے بتایا کہ نوید شاہ قادری اور عائشہ بیگم کی شادی ڈھائی سال قبل ہوئی تھی اور ان کی ایک سالہ لڑکی بھی ہے ۔ خاتون کو شوہر اور سسرالی رشتہ دار پریشان کر رہے تھے ۔ سرور نگر پولیس کے مطابق 22 سالہ قاسم بی جو ا مبیڈکر نگر علاقہ کے ساکن شیخ محبوب کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے 21 فروری کے دن خودسوزی کرلی تھی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون گھریلو مسائل کا شکار تھی ۔ سرور نگر پولیس کے مطابق ایک اور اسی طرح کے واقعہ میں 25 سالہ مونیکا نے انتہائی اقدام کرلیا۔ مونیکا دلسکھ نگر علاقہ کے ساکن ستیش کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 27 سالہ سنگیتا جو کرمن گھاٹ علاقہ کے ساکن چندرا شیکھر کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس خاتون کو زائد جہیز کیلئے ہراساں و پریشان کیا جارہا تھا ۔ اس خاتون کی شادی سال 2012 میں ہوئی تھی ۔ پولیس کے مطابق 31 سالہ جنگااماں جو میرپیٹ علاقہ کے ساکن ملیش کی بیوی تھی ۔ میر پیٹ کے علاقہ میں رہتے تھے ۔ خاندانی جھگڑے اور گھریلو مسائل سے تنگ آکر اس خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔