ساؤتھی کی شانداربولنگ،سری لنکا 275/9

ویلنگٹن ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) میزبان فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کی شاندار بولنگ کی وجہ سے یہاں سری لنکا کے خلاف شروع ہوئے پہلے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ نے بہتر شروعات کی لیکن سری لنکا پہلے دن کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان کے بعد 275 رنز اسکور کرتے ہوئے نازک صورتحال سے خود کو باہر نکال لیا ہے۔ دن کے اختتام پر نروشن ڈک ولا 91 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کرتے ہوئے وکٹ پر موجود ہیں۔ ساؤتھی نے اپنے پہلے اسپیل میں 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 3/9 کی مشکل صورتحال سے پریشان کردیا تھا جس کے بعد مزید 2 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انہوں نے سری لنکا کو کافی پریشان کیا۔ پہلے دن ساؤتھی کی بولنگ کے اعداد و شمار کافی شاندار رہے جیسا کہ انہوں نے 25 اوورس میں 67 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹسٹ کریر میں آٹھویں مرتبہ انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ نیوزی لینڈ نے صبح ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا لیکن اس کے ٹاپ آرڈر نے گناتھلکا (1)، ڈی سلوا (1) اور مینڈیس (2) کے بعد لوور آرڈر میں کپتان دنیش چنڈی مل (6) بھی جلد پویلین لوٹ گئے، لیکن دوسری جانب اوپنر کرونا رتنے نے ایک سرا سنبھال کر رکھتے ہوئے 144 گیندوں کی اننگز میں 11 چوکوں کی مدد سے 79 رنز اسکور کئے۔ علاوہ ازیں لوور مڈل آرڈر میں انجیلا میتھیوز نے 153 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 83 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی مشکلات سے ایک بہتر اسکور تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ نیوزی لینڈ دن کے اختتام پر مزید بہتر موقف میں ہوسکتی تھی جیسا کہ کرونا رتنے کو 33 رنز پر اس وقت ایک موقع ملا جب مڈ وکٹ پر نیل ویاگنر نے ان کا کیچ پکڑا لیکن یہ گیند نو بال تھی۔ بعدازاں انہوں نے 50 ویں ٹسٹ میں اپنی 21 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ کھانے کے وقفے کے بعد ویاگنر کو بلآخر اس وقت کامیابی ملی جب کرونا رتنے ایک شاٹ گیند کو پل کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ویاگنر نے 20 اوورس میں 75 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی۔ علاوہ ازیں ٹرینٹ بولٹ نے 77 رنز اور گرینڈ ڈوم نے 35 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔