میڈرڈ ۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ نے فرانس کے سابق کپتان زین الدین زیڈان کو ٹیم کا کوچ مقرر کیاہے۔زین الدین زیڈان کو رافیل بینٹیز کی جگہ کوچ کا عہدہ دیا گیا ہے جنھیں 7 ماہ قبل ریال میڈرڈ کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ زیڈان ریال میڈرڈ کے صدر فلورینٹینو پیریزکے 12 سالہ مدت میں کلب کے 11ویں کوچ ہیں۔زیڈان کا شمار ریال میڈرڈ کی جانب سے کھیلنے والے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ ریال میڈرڈ نے 2001 میں زین الدین زیدان کے ساتھ ریکارڈ 80 ملین ڈالرس کا معاہدہ کیا تھا جبکہ زیڈان 1996 میں اطالوی کلب جووینٹس سے بھاری معاوضے کے ساتھ منسلک ہوئے تھے۔ 1998،200 اور 2003 میں سال کے بہترین کھلاڑی رہنے والے سابق فٹ بالر زیڈان نے کوچ کی بنائے جانے کے بعد کلب کا انتظام دل اور جان سے چلانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کا بہترین کلب، بہترین مداح ہیں اور اب سیزن کے آخر میں ٹیم کی کامیابی کے لئے میں پوری کوشش کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اسی طرح پرجوش ہوں جس طرح کھلاڑی کی حیثیت سے کلب سے معاہدہ کیا تھا، اب میں اس عہدے کے لئے دل اور جان لگا دوں گا تاکہ ہر کام بہت اچھی طرح ہو۔ تاہم زیڈان کے معاہدے کی مدت کا تعین ابھی واضح نہیں کیا گیا۔ ریال میڈرڈ کے صدر پیریز نے کہا کہ سابق کوچ بینیٹز کو برطرف کرنا مشکل فیصلہ تھا۔واضح رہے بینیٹز کی کوچنگ میں ریال میڈرڈ نومبر 2015 میں حریف ٹیم بارسلونا سے شکست کھا گئی تھی جبکہ ویلینشیا کے خلاف 2-2 گول کے ساتھ برابری پر ختم ہونے والا میچ ان کا کلب کے لئے آخری میچ ثابت ہوا۔بینیٹز کلب کے لئے میچ جتوانے میں ناکامی کے علاوہ مداحوں اور ٹیم کے اندرونی معاملات کو ٹھیک طرح چلانے میں بھی ناکام نظر آرہے تھے۔زیڈان نے 1998 میں فرانس کو ورلڈ کپ میں فتح دلا کر چمپیئن بنوایا تھا جبکہ ریال میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے چمپیئنزلیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔زیڈان اس سے قبل 2014 میں کوپا ڈیل رے جیتنے والی ریال میڈرڈ ٹیم کے کوچ کارلو اینسیلیٹی کے ساتھ کام کرچکے ہیں جبکہ انھیں ریال میڈرڈ کی بی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔