زیر زمین ڈرینج نظام سے گندگی اور بیماری سے راحت

سدی پیٹ میں ہریش راؤ کے ہاتھوں 315 کروڑ سے ڈرینج کاموں کا افتتاح

سدی پیٹ۔ /6ستمبر ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کے ہاتھوں سدی پیٹ میں زیر زمین ڈرینج نظام کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں عدالت کے نزدیک315کروڑ کے تخمینہ سے ڈرینج نظام تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ زیر زمین ڈرینج نظام سے سدی پیٹ کے عوام کو گندگی اور مچھروں سے راحت ملے گی۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں ڈرینج نظام پراجکٹ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ڈرینج نظام کیلئے 4.9 کروڑ خرچ ہوچکے ہیں جبکہ سدی پیٹ میں324 کلو میٹر زیر زمین ڈرینج نظام کا کام کیا جائے گا جس کی وجہ سے شہر میں مچھروں کا مکمل صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سدی پیٹ میں گزشتہ میں بدجانوروں کو منتقل کرنے سے بھی صاف صفائی میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ زیر زمین آبی نکاسی سے پانی کو صاف کرتے ہوئے سدی پیٹ شہر کے تالابوں میں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ زیر زمین نکاسی سے نئے تعمیر کردہ مکانات میں سیپٹک ٹینک تعمیر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ جملہ 25126 مکانات سے آنے والا گندہ پانی زیر زمین نکاسی میں چلا جائے گا۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ تعمیر پختہ ہوگی اور بہت جلد زیر زمین ڈرینج نظام کی تعمیر مکمل ہوگی۔ اس سنگ بنیاد تقریب میں بلدیہ صدرنشین راجہ نرسو، بلدیہ کمشنر رمنا چاری، نائب صدر نشین اطہر پٹیل، اراکین بلدیہ اور دیگر عہدیدار، ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ ہریش راؤ نے بعد ازاں دورہ کرتے ہوئے سدی پیٹ میں مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔