میدک میں پولیس عہدیدار وںکے اجلاس سے ایس پی چندنا دپتی کا خطاب
میدک۔/19 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دفتر ضلع ایس پی میدک پر آج سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع میدک کی نگرانی میں ضلع کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ہمراہ ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ ضلع ایس پی نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جو کیسیس ابھی تک حل نہیں کئے گئے ہیں انہیں جلد از جلد حل کرلئے جائیں۔ پولیس اسٹیشن تک پہنچنے والی تمام درخواستوں کی یکسوئی سے جانچ کرتے ہوئے انہیں بھی فی الفور حل کیا جائے۔ نیز 100 نمبر سے موصول ہونے والی شکایتوں پر بھی فی الفور کارروائی کرتے ہوئے انہیں بھی حل کیا جائے۔ ضلع ایس پی نے پولیس عہدیداروں کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں رات کے اوقات میں پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کرتے ہوئے کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی اور ناگہانی حالات کے رونما ہونے پر فی الفور کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں ضلع ایس پی نے گزشتہ مہینوں میں ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج ہوئے کیسیس کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ اجلاس میں ضلع ایس پی نے پولیس عہدیداروں کو ہیلمٹ کی اہمیت سے واقف کراتے ہوئے ہر ایک کو ہیلمٹ کے استعمال کی ہدایت دی۔ ایس پی چندنا دپتی نے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضلع کے کسی پولیس اسٹیشن میں کوئی شخص کسیکی تلاش گمشدہ کی شکایت لے کر پہنچے تو فی الفور گمشدہ شخص کی تصویر حاصل کرتے ہوئے اسے تمام پولیس اسٹیشنوں پر چسپاں کریں۔ اس اجلاس میں ڈی ایس پی میدک مسٹر پی کرشنا مورتی، ڈی ایس پی توپران کرن کمار کے علاوہ ضلع کے پولیس اسٹیشنوں کے سرکل انسپکٹران، سب انسپکٹران کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ بعد اجلاس ایس پی چندنا دپتی نے پولیس عہدیداروں میں ہیلمٹ اور بائیکس تقسیم کئے۔