زو پارک میں حادثہ ،گاڑی کی ٹکر سے لڑکا ہلاک

حیدرآباد ۔ /25 ڈسمبر (سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں زو کی گاڑی کی ٹکر سے دو سالہ کمسن بچہ ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ودیا نگر سے تعلق رکھنے والا کمسن محمد صادق احمد آج اپنے افراد خاندان کے ساتھ زو آیا تھا اور احاطہ زو میں بیاٹری سے چلائی جانے والی کار کا انتظار کررہا تھا ۔ اسی دوران ایک تیز رفتار زو کی گاڑی نے کمسن کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ احمد کو پرانے شہر کے خانگی دواخانہ میں منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہری نامی ڈرائیور زو کی گاڑی تیز اور لاپرواہی سے چلارہا تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ پولیس بہادرپورہ نے اس سلسلے میں لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کیا ہے ۔کمسن بچے کے رشتہ داروں نے یہ الزام عائد کیا کہ کرسمس کے موقع پر زو کا مشاہدہ کرنے کیلئے کثیر تعداد میں عوام پہونچی تھی اور اس ہجوم سے نمٹنے کیلئے زو میں تیز رفتاری سے گاڑیاں چلائی جارہی تھی جس کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔