زندگی کو خدا کی بندگی میں گذاریں

آرمور : آرمور عیدگاہ میں حافظ عبدالمجید امام و خطیب مسجد حبیبہ نے عید کی نماز پڑھائی اور پرکٹ عیدگاہ میں مفتی رفیق ذاکر قاسمی امام و خطیب جامع مسجد پرکٹ نے امات کے فرائض انجام دیئے ۔ انہوں نے اس موقع پر سارے عالم کے مسلمانوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے اللہ تعالی سے رقت انگیز دعا کی ۔ رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے عیدگاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کی ۔
کلواکرتی : شہر کلواکرتی کے مسلمانان نے عیدالفطر نہایت ہی عقیدت و احترام سے منائی اور بردارن وطن سے ملکر عید کی خوشیاں بانٹی ۔ بارش کے سبب پانچ مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جس میں صبح 9 بجے مسجد صوفی عمر دارالعلوم کلواکرتی میں صدر جمعیۃ العلماء مولانا محمد الوکیل حسامی نے نماز پڑھائی ۔ قدیم و جدید عیدگاہوں پر بھی کثیر تعداد میں عوام نے نماز عید ادا کی عیدگاہوں پر تمام ہی سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے پہنچ کر مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی ۔ جن میں قابل ذکر مقامی کانگریسی ایم ایل اے وشی جندریڈی ، سابقہ ایم ایل اے جئے پال یادو ، چیرمین بلدیہ سری سیلم ، سابقہ سرپنچ سدرشن ریڈی ، کونسلرس بی آنند کمار ، سری کانت و دیگر موجود تھے ۔
ویملواڑہ : ویملواڑہ میں عیدالفطر جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ عیدگاہ میں ٹھیک 9 بجے سے لیکر 10 بجے تک محمودیہ مسجد کے پیش امام جناب صلاح الدین نے رمضان المبارک کے بارے میں روشنی ڈالی اور تقریر کی ۔ اس کے بعد جامع مسجد کے پیش امام مولانا ممتاز الحکیم نے عیدالفطر کی نماز پڑھائی ۔ نماز کے بعد تمام مسلمان بھائیوں نے ایک دوسرے سے بغلگیر ہو کر عید کی مبارکباد پیش کی ۔ عیدالفطر کے موقع پر مساجد کے صدور محمد یوسف ، رفیق اور اہم شخصیت مقامی جناب محمد صادق ، ایم اے حاجی کمال ، عظمت پیر محمد ، انور دیگر لوگوں نے شرکت کی اور انکے ساتھ ساتھ اخباری نمائندہ پریس کلب کے صدر سید لائق پاشاہ ، حبیب طاہر رسول کلیم ، حنا پاشاہ ، احمد صابر ، سید علی ، سید رشید ، ایم اے یوسف و دیگر لوگوں نے بھی عیدالفطر کی نماز میں شرکت کی ۔ بلدیہ ویملواڑہ منڈل پریشد کے صدر وینکٹیش گوڑ ، میونسپل کے چیرمین اوما اور ٹی آر ایس پارٹی کے منڈل کے صدر ایرام مہیش آدی سرینواس دیگر پارٹی کے کارکنوں نے عیدگاہ پر آکر تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔ ایس آئی صدر نندم کی قیادت میں پولیس کا بندوست کیا گیا ۔

سنگاریڈی : آج ہمارے عید کا دن ہے ۔اللہ کا بڑا احسان عظیم ہیکہ اس نے ہمیں بڑی نعمت سے نوازا جو دین اسلام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محمد اطہر محی الدین شاہد ناظم اسلامی معاشرہ جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی نے ڈسٹرکٹ جیل میں منعقدہ نماز عیدالفطر کے خطبہ سے فرمارہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مومن کی پوری زندگی عبادت ہے ۔ بشرطیکہ وہ ہر کام خدائی ہدایت کے مطابق کرے اور کسی معاملے میں بھی خدا کی نافرمانی نہ کرے ۔ اس موقع پر ناگیشور ریڈی سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ضلع میدک نے جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی کے تحت ماہ رمضان میں کئے جانے والے انتظامات روزانہ افطار کا نظم و برادران وطن کو افطار پارٹی کے ذریعہ دین اسلام کا تعارف ہر سال کی طرح امسال بھی بخوبی مسلم قیدیوں کا خیال رکھنے پر سراہا اور شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سی ایچ چیرنجیوی ڈسٹرکٹ جیلر معہ اسٹاف کے ساتھ موجود تھے ۔ سارے مسلم قیدیوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ۔
کوڑنگل : کوڑنگل میں دس بجے دن جناب سید انور حسین کی زیرقیادت جامع مسجد تا عیدگاہ جلوس نکالا گیا ۔ جلوس آبادی کی اہم شاہراہوں سے گزرتا ہوا عیدگاہ پہنچا جہاں پر ٹھیک ساڑھے دس بجے نماز عیدالفطر ادا کی گئی ۔ امام جامع مسجد و خطیب عیدین مولانا حافظ محمد عبدالرشید نے امامت کی اور خطبہ دیا ۔ بعدازاں مولانا موصوف نے امن عالم اور خاص طورپر فلسطین میں فوری امن و امان کیلئے بادیدہ نم رقت انگیز دعا کی ۔ جس کے ساتھ ہی تمام مصلیان اسرائیل مردہ باد ، فلسطین زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا تھا بعد نماز عید قومی یکجہتی کے متاثرکن مظاہرے دیکھنے میں آئے ۔

محبوب نگر : جدید عیدگاہ وقف رحمانیہ و اناگٹو میں نماز عیدالفطر ٹھیک 10 بجے ادا کی گئی ۔ مولانا حافظ محمد اسمعیل نے نماز عید کی امامت کی ۔ قبل ازیں صبح 9 بجے ایک جلوس مسجد ریاض الجنۃ سے نکالا گیا جو جامع مسجد پہونچا جہاں سے امام و خطیب جامع مسجد کی قیادت میں یہ جلوس شہر کی اہم شاہراہوں سے ہوتا ہوا عیدگاہ پہونچا ۔ جلوس میں شامل مسلمان نعرہ تکبیر کے فلگ شگاف نعرے لگارہے تھے ۔ عیدگاہ زائد از 50 ہزار فرزندان توحید سے بھر گیا تھا ۔ امام صاحب نے اسرائیلی بربریت سے فلسطینیوں کی حفاظت و نصرت کیلئے دعا مانگی ۔ ہمیشہ کی طرح اب کی مرتبہ بھی عیدگاہ میں قومی یکتا کمیٹی کا کیمپ بنایا گیا تھا جہاں اے پی جیتندر ریڈی یم پی محبوب نگر ، نندی یلیا ایم پی ناگرکرنول ، سابق مرکزی وزیر یس جئے پال ریڈی ، مقامی ایم ایل اے وی سرینوس گوڑ ، جگدیشور ریڈی ایم ایل سی کے علاوہ ضلع کلکٹر یم گریجا شنکر ، سید ابراہیم ، عبید اللہ کوتوال ، یس پرکاش ، ین پی وینکٹیش ، چیرمین بلدیہ رادھا امر ، نائب چیرمین راملو اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مسلمانوں سے بغلگیر ہوتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ عیدگاہ واناگٹو کے علاوہ سرینواس کالونی اور مولا علی پہاڑ نیگنڈہ کی عیدگاہوں پر نمام عیدالفطر ادا کی گئی ۔ شہر کی تمام بڑی مساجد مدینہ مسجد ، شاہ صاحب گٹہ ، مسجد اسٹیشن ، مدرسہ سراج العلوام ، مسجد عثمان ابن عفان میں بھی بھاری تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی ۔ سازگار موسم میں انتہائی پرامن طریقہ سے عیدالفطر منائی گئی ۔
ایچوڑہ : عیدگاہ میں مولانا مختار عالم قاسمی نے خطبہ عید الفطر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کی تربیت کو ہم زندگی کے باقی مہینوں میں بھی جاری و ساری رکھیں ۔ زندگی کو خدا کی بندگی میں گذاریں اس موقع پر فلسطین بھائیوں کے حق میں رقت انگیز دعائیں کی گئی ۔ تمام سیاسی ، مذہبی ، جماعتوں کے افراد نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ مسلمانوں نے ایک دوسرے سے بغلگیر ہو کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔

پٹلم : مستقر پٹلم کے عیدگاہ پر نماز عید الفطر صبح 10 بجے جناب خطیب سید عبدالغنی نے پڑھائی ۔ بارش کے نہ ہونے کی صورت میں عیدگاہ پر نماز ادا کی گئی ۔ عیدالفطر پٹلم کے مصلیان کے علاوہ اطراف و اکناف کے دیہاتوں کے مصلیان عیدگاہ پر جمع ہو کر جوش و خروش کے ساتھ عید منائے ۔
ظہیر آباد : نماز عیدالفطر کی ادائیگی کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ ظہیرآباد میں دیکھا گیا ۔ ٹھیک 10 بجے ہزاروں فرزندان توحید ، خطیب و امام عیدگاہ جناب سید ضیا الدین قاضی کی اقتدا میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کیلئے صفوں میں کھڑے ہوگئے تو عیدگاہ میدان میں یکلخت خاموشی چھاگئی ، جس کا سلسلہ نماز عید اور خطبہ کی ادائیگی تک جاری رہا ۔ نماز اور خطبہ کے اختتام کے ساتھ بارگاہ رب العزت میں سربسجود ہونے والے مسلمانوں نے ایک دوسرے کو بغلگیر ہو کر عید کی مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر امام و خطیب عیدگاہ جناب سید ضیاء الدین قاضی اور سابق ریاستی وزیر جناب محمد فریدالدین نے بھی مسلمانوں سے بغلگیر ہو کر عید کی مبارکباد دی ۔ ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین کے مانک راؤ ، ناماروی کرن اور صدرنشین بلدیہ چٹوری راونیا کے شوہر چندو نے عیدگاہ پہنچ کر مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی ۔
جگتیال : شہر جگتیال میں عیدالفطر خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی ۔ فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اسرائیل کے ظلم کے خلاف قرارداد پیش کرتے ہوئے رقت انگیز دعائیں کی گئی ۔ جگتیال پر مولانا مشتاق احمد قاسمی نے نماز عید پڑھائی ، سید جمیل احمد صدر عیدگاہ نے اسرائیل کے خلاف قرارداد پیش کی اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد کا پیغام پیش کیا ۔ قلعہ میں نماز عید حافظ سید ابرار شریف نے پڑھائی ، مولانا معراج نے عیدالفطر کے بارے میں خطاب کیا ۔ مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرنے کیلئے سیاسی قائدین رکن اسمبلی جگتیال مسٹر ٹی جیون ریڈی ، سابقہ رکن اسمبلی و تلگودیشم پارٹی ریاستی صدر مسٹر یل رمنا بلدیہ چیرپرسن شریمتی وجیہ لکشمی ریڈی ، سابقہ بلدیہ چیرمین گری ناگہ بھوشنم ، ٹی آر ایس قائد رمنا راو ، کونسلرس بالے شنکر ، درگیا ، کے شیوا کیسری ، سرینواس اور دیگر نے عیدگاہ اور قلعہ پہنچ کر مسلمانوں کو گلے کر مبارکباد پیش کی ۔

جڑچرلہ : شہر جڑچرلہ کی دونوں عیدگاہوں میں عیدالفطر کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔عیدگاہ بادے پلی میں نماز عیدالفطر ٹھیک 10 بجے ادا کی گئی ۔ مولانا حافظ محمد برہان الدین نقشبندی امام و خطیب مسجد علی نے فضائیل عیدالفطر پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امامت بھی کی ۔ فلسطین کی عوام کیلئے خصوصی دعا کی گئی عیدگاہ بادے پلی میں مسلمانوں کا سب سے بڑا اجتماع دیکھا گیا ۔ جڑچرلہ کاورم پیٹ عیدگاہ میں مولانا محمد تسلیم انصاری امام و خطیب جامع مسجد کاورم پیٹ نائب صدر مدرس دارالعلوم عربیہ فضائیل عیدالفطر پر خطاب کیا اور امامت کے فرائض انجام دیئے ۔ عیدگاہ بادے پلی کی توسیع اراضی کیلئے عیدگاہ کمیٹی بادے پلی نے تحصیلدار کو ایک یادداشت پیش کی عیدگاہ میں نائب صدر عیدگاہ کمیٹی سینئر ٹی آر ایس قائد حاجی محمد یوسف نے رکن اسمبلی ٹی آر ایس ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے بادے پلی عیدگاہ کیلئے مزید اراضی کیلئے گذارش کی جس پر رکن اسمبلی نے جلد از جلد اراضی کی فراہمی اور عیدگاہ کی حصاری بندی تعمیر کرنے کا تیقن دیا ۔

شادنگر : شانگر جامع مسجد غیث سالم بادعام اولڈ این ایچ فرخنگر میں فرزندان توحید نے نماز عیدالفطر بڑے خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی ۔ نماز عید الفطر کی امامت و خطابت کے فرائض حافظ و قاری محمد محمود خان امام و خطیب مسجد ہذا نے انجام دیئے ۔ نماز عیدالفطر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ و قاری محمد محمود خان نے مسلمان آپس میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں جس طرح عبادتوں میں مصروف رہا کرتے تھے اس سلسلہ کو ہمیشہ برقرار رکھیں ۔ فلسطین کے بے قصور مسلمانوں پر ہورہے ظلم و زیادتی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ اور فضائل عیدالفطر پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد مولانا نے رقت انگیز دعا کی ۔ عید کے موقع پر مسلمانوں نے ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہوئے عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کیا ۔
٭٭ عیدگاہ فرخنگر شادنگر میں ہزاروں فرزندان توحید نے نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عیدالفطر ادا کی ۔ قاضی سید مقتدر علی صدر قاضی شادنگر کی امامت و خطابت میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی ۔ قبل ازیں حافظ وقاری سید منور علی امام و خطیب مسجد حبیبہ شادنگر نے نماز عیدالفطر پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ فلسطینی مسلمانوں پر ہورہے ظلم و زیادتی پر اپنے گہرے دکھ رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر محمد یعقوب نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ قاضی سید مقتدر علی نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے ۔ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ عیدگاہ فرخنگر کے پاس نصب کردہ خصوصی شامیانے میں رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو ، سابقہ وزیر ڈاکٹر پی شنکر راو و دیگر سیاسی قائدین نے مسلمانوں سے فردا فردا ملاقات کرتے ہوئے عید الفطر کی پرخلوص مبارکباد پیش کی ۔

اوٹکور : اوٹکور عیدگاہ شاہی ( علی عادل شاہی ) اہلسنت و الجماعت میں ٹھیک 9.30 بجے مولانا محمد حشمت اللہ قاسمی نے نماز عید الفطر پڑھائی ۔ مولانا محمد الیاس نقشبندی خطیب نے خطبہ دیا ۔ مولانا محمد علی عالم جامعہ صُفّہ ورنگل نے اپنے خطاب میں مسلمانوں میں اتحاد پر زور دیا اور اسلام کی سربلندی کیلئے دعائیں کیں اور نماز عیدالفطر کی ترتیب بتائی ۔ اوٹکور مستقر کے علاوہ قریبی مواضعات سے فرزندان توحید نے اوٹکور تشریف لا کر نماز عیدالفطر عیدگاہ شاہی میں خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی جہاں پر مسلمانوں کا کثیر تعداد میں مجمع دیکھا گیا۔ مولانا محمد الیاس نقشبندی خطیب و امام شاہی عیدگاہ نے کثیر مجمع میں رقت انگیز دعا کی ۔ عیدگاہ اہلحدیث اوٹکور میں ٹھیک 9 بجے مولانا نذیر احمد جامعی نے نماز عیدالفطر پڑھائی رمضان المبار ک کے بعد بھی نمازوں کے اہتمام پر زور دیا ۔ مسلمانوں نے عیدالفطر کی نماز ادائیگی کے بعد اوٹکور کے تمام سیاسی پارٹیوں جیسے کانگریس ، بی جے پی ، تلگودیشم ، ٹی آر ایس کے قائدین جناب جی تنگی ریڈی ، ایم بھاسکر ، ڈاکٹر سوریہ پرکاش ریڈی ، آشیا ، گوپی ریڈی ، بال ریڈی کے علاوہ ایم ایل اے جنم رام موہن ریڈی ، سابقہ ایم ایل یلاریڈی ، ٹی آر ایس نے ایک عید ملاپ کیمپ قائم کیا تھا جہاں پر مسلمانوں سے بغلگیر ہوتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔ اور مسلمانوں نے سیاسی قائدین کی شیرخرمہ سے تواضع کی جہاں پر گنگا جمنی تہذیب کی علامت معلوم ہوئی ۔ عیدگاہوں پر جناب سمپت کمار سب انسپکٹر آف پولیس اوٹکور نے زائد پولیس کے عملہ کی تعیناتی کی اور اس کے علاوہ DSP نارائین پیٹ نے مزید پولیس کے دستہ کو تعینات کیا تھا ۔ عیدالفطر پرامن طریقہ سے ہونے پر مسلمانوں نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔