زمبابوے کیخلاف افریقہ کامیاب

کمبرلی ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے 3 میچوں پر مشتمل ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔کمبرلی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان جے پی ڈومینی نے ٹاس جیت کر مہمان زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔زمبابوے ٹیم کی پہلی وکٹ 10 رنز پر گری جب مائر صفر پر آوٹ ہوئے جس کے بعد آوٹ ہونے والے بیٹسمینوں کی قطار لگی۔ تجربہ کار اوپنر ہملٹن مساکاڈزا 25 رنز بنا کر ٹیم کو آگے لے جانے کی کوشش کرتے رہے لیکن کسی دوسرے بیٹسمین نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور 52 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ایروائن 7، برینڈن ٹیلر 4 اور پی جے مور 13 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد چیگمبورا نے بھی ٹیم کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی تاہم 27 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ بھی آوٹ ہوگئے۔مساکاڈزا نے 15 رنز بنا کر چیگمبورا کا کسی حد تک ساتھ دیا۔زمبابوے کے 7 بیٹسمینس دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپائے اور پوری ٹیم 35 ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف 117 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے نگیڈی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ہدف کے تعاقب میں میزبان جنوبی افریقہ کا آغاز بھی اچھا نہ تھا جب پہلی وکٹ 13 رنز پر گری، ڈین ایلگر 2 رنز بنا کر آوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسرے آوٹ ہونے والے ہینڈرکس تھے جنہوں نے 5 رنز بنائے جس کے بعد 40 کے اسکور پر اے کی مارکرام 27 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔کلاسین نے 44 رنز بنائے اورٹیم کو جیت کے قریب لا کر آوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 27 ویں اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔کپتان جے پی ڈومینی 16 رنز اور ملڈر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔زمبابوے کی ٹیم کو اس سے قبل پاکستان کے خلاف گھریلو سیریز میں 5-0کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور اب 3-0 کا خطرہ ہے۔