جوہانسبرگ ۔13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) دوسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ زمبابوے کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.1 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بناسکی۔زمبابوے کے صرف چار بیٹسمین دہرے ہندسے میں پہنچ سکے۔ سین ولیمز 41، برینڈن ٹیلر 29، مساکادزا 21 اور چسورو 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگ نیدی، پیٹرسن اور فرائی لنک نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور کی چوتھی گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔جے پی ڈومینی نے ناقابل شکست 32، ڈی کوک نے 26 اور ہینرک کلاسین نے 22 رنز بنائے۔ڈین پیٹرسن کو عمدہ بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تین میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا آخری میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔یادرہے کہ اس قبل کھیلی گئی ونڈے سیریز میں بھی زمبابوے کو کلین سوئپ برداشت کرنی پڑی تھی۔