ہرارے۔31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) زمبابوے کرکٹ نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں ناقص کارکردگی اور آئندہ برس آئی سی سی ورلڈ کپ میں جگہ نہ بنانے پر کپتان گریم کریمر اور پورے کوچنگ اسٹاف کو برطرف کردیا۔زمبابوے کرکٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر فیصل حسنین نے کریمر سمیت پورے کوچنگ اسٹاف کو مستعفی ہونے کے لیے وقت دیا تھا تاہم سب نے استعفے دینے سے انکار کر دیا۔ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد زمبابوے کرکٹ نے کپتان کریمر اور پورے کوچنگ اسٹاف ہیڈ کوچ ہیتھ اسٹریک، بیٹنگ کوچ لانس کلوزنر، بولنگ کوچ ڈگلس ہونڈو، فیلڈنگ کوچ والٹر، فٹنس کوچ سین بیل، ٹیم اینالسٹ اسٹین لے کو عہدوں سے برطرف کردیا۔اس کے ساتھ ساتھ زمبابوے اے ٹیم کے کوچ ویان جیمز، انڈر 19 کوچ اسٹیفن کے ساتھ ساتھ کنوینر آف سلیکٹرز ٹاٹنڈا ٹیبو کو بھی ان کے عہدے سے محروم کر دیا گیا۔زمبابوے کرکٹ کی جانب سے سابق کپتان برینڈن ٹیلر کو ایک
مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا امکان ہے جبکہ اس سلسلے میں سکندر رضا بھی مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔